اسلام آباد میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور یونیورسل سروس فنڈ پر تاریخی اے پی ٹی سمپوزیم کا اختتام، نئے علاقائی عزم کا اعادہ

اسلام آباد میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور یونیورسل سروس فنڈ پر تاریخی اے پی ٹی سمپوزیم کا اختتام، نئے علاقائی عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) کے زیر اہتمام ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) پر منعقدہ سمپوزیم اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ یہ تقریب علاقائی ٹیلی کام پالیسی اور کثیر الفریقی اشتراک عمل میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور یونیورسل سروس فنڈ پاکستان کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والے اس تین روزہ بین الاقوامی فورم میں ایشیا پیسیفک خطے بھر سے اعلیٰ سطحی پالیسی سازوں، عالمی ریگولیٹرز اور ٹیلی کام انڈسٹری کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس تاریخی سمپوزیم نے ’’ٹوکیو اعلامیہ 2025‘‘ کی روشنی میں خطے کی ڈیجیٹل پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا جس میں روایتی وائس اور بنیادی کوریج کے ماڈلز سے نکل کر ہائی اسپیڈ فائبرائزیشن، گیگابٹ براڈبینڈ اور مستحکم ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی معاونت کرنے والے متحرک و نتیجہ خیز فریم ورکس کی جانب یو ایس ایف کو منتقل کرنے کا مشترکہ روڈ میپ ترتیب دیا گیا۔آخری روز اے پی ٹی کے سیکرٹری جنرل ماسانوری کونڈو نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور یونیورسل سروس فنڈز پر منعقدہ اس سمپوزیم کو عملی تبادلہ خیال، شراکت داریوں اور ٹوکیو اعلامیہ 2025 کے وعدوں کو آگے بڑھانے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔

انہوں نے تقریب کے باضابطہ اور کامیاب اختتام کا اعلان کرتے ہوئے شاندار ایونٹ کے انعقاد، بے مثال مہمان نوازی اور لذیذ پاکستانی کھانوں کی فراہمی پر وزارتِ آئی ٹی اور یو ایس ایف پاکستان کا دلی شکریہ ادا کیا۔تین روزہ سمپوزیم کے دوران ماہرین اور مقررین نے دس مختلف سیشنز میں اہم علاقائی ترجیحات پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ مندوبین نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے استفادہ کرنے، دیرینہ ڈیجیٹل تفریق کو ختم کرنے اور رکن ممالک میں مساوی ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے علاقائی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کیا۔ سیشنز میں بنیادی توجہ یو ایس ایف کے مستقبل کو محفوظ بنانے پر مرکوز رہی تاکہ محض بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی سے آگے بڑھ کر معیار، صلاحیت اور مصنوعی ذہانت کی تیاری کے ذریعے روز بروز بدلتے ہوئے ڈیجیٹل شمولیت کے چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔

ماہرین نے پسماندہ اور دشوار گزار خطوں میں مواصلاتی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لیے جدید اور کفایتی ماڈلز کا جائزہ لیا جن میں کم لاگت فائبر بیک ہال، موبائل براڈبینڈ، سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی اور ماحول دوست (گرین) ٹیلی کام انفراسٹرکچر شامل ہیں۔مزید برآں فورم میں مضبوط ریگولیٹری مراعات، ڈیوائس سبسڈی پروگرامز اور جدید مالیاتی طریقہ کار پر غور کیا گیا تاکہ کم لاگت اور پائیدار فنانسنگ کو فروغ دے کر کم آمدنی والے گھرانوں، چھوٹے کاروباری اداروں اور محروم طبقات تک بامعنی کنیکٹیویٹی کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ سیشنز میں صنفی ڈیجیٹل تفریق کو ختم کرنے اور خطے کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہدفی پالیسی اقدامات، خواتین اور لڑکیوں کے لیے خصوصی ڈیجیٹل خواندگی پروگرامز اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ کی حمایت پر بھی زور دیا گیا۔شراکت داروں نے مقامی معیشتوں کو متحرک کرنے اور ڈیجیٹل اپنائیت کو بڑھانے کے لیے ثقافتی اعتبار سے موزوں، مقامی زبانوں پر مبنی ڈیجیٹل خدمات اور ای-گورنمنٹ پلیٹ فارمز کے ذریعے مقامی مواد اور ایکو سسٹم کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

اپنے اختتامی کلمات اور اظہار تشکر میں یونیورسل سروس فنڈ کے سی ای او چوہدری مدثر نوید نے اسلام آباد سمپوزیم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے پر ملکی اور بین الاقوامی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ افتتاحی سیشن میں بصیرت افروز شرکت اور بھرپور حمایت پر وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔انہوں نے اس تاریخی علاقائی تقریب کے انعقاد میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری اور گرانقدر رہنمائی فراہم کرنے پر ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی اے پی ٹی اور اس کے سیکرٹری جنرل ماسانوری کونڈو کا دلی شکریہ ادا کیا۔ اے پی ٹی رکن ممالک کے بین الاقوامی مندوبین، سیشن چیئرز، پینلسٹس اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا گیا جبکہ شراکت داروں کے تعاون کے عزم پر معروف ٹیلی کام آپریٹرز اور ٹیکنالوجی پارٹنرز—بشمول جاز، پی ٹی ایم ایل، زونگ، ہواوے اور جی ایس ایم اے کی خدمات کا خصوصی اعتراف کیا گیا۔

وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اور ٹیلی کام ونگز، جوائنٹ آرگنائزنگ کمیٹیز، یو ایس ایف پاکستان کی ٹیم، جائے تقریب کے عملے، میڈیا اور معاون عملے کو شاندار انتظامات اور مہمان نوازی پر سراہا گیا۔سمپوزیم کے اختتام پر مندوبین نے اسلام آباد سے شراکت داری کے اس جذبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ڈیجیٹل انقلاب ہر خطے تک پہنچے اور ایشیا پیسیفک کا کوئی بھی شہری اس سے محروم نہ رہے۔

مزید خبریں