اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے نئی آن لائن سروس متعارف کرا دی ہے جس کے تحت شہری گھر بیٹھے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گم یا خراب ہونے کی صورت میں ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیےدرخواست دے سکیں گےجبکہ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ لائسنس کوریئر سروس کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات آن لائن، لائسنس گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے نئی آن لائن سروس متعارف کرا دی ہے جس کے تحت شہری گھر بیٹھے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گم یا خراب ہونے کی صورت میں ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیےدرخواست دے سکیں گےجبکہ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ لائسنس کوریئر سروس کے ذریعے شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایک افسر نے اتوار کو ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایا کہ یہ اقدام انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پر شہریوں کو جدید، آسان اور وقت بچانے والی سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کےتحت شہریوں کو درخواست دینے کے لیے ٹریفک ہیڈکوارٹرز یا پولیس خدمت مراکز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے۔افسر نے بتایا کہ شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سرکاری پورٹل [https://dlims.islamabadpolice.gov.pk/](https://dlims.islamabadpolice.gov.pk/?utm_source=chatgpt.com) پر رجسٹریشن کے بعد لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور گم یا خراب ہونے والے لائسنس کے ڈپلیکیٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کل پیر 19 اکتوبر سے یہ سہولیات ٹریفک ہیڈکوارٹرز فیض آباد اور اسلام آباد پولیس کے دیگر خدمت مراکز پر دستیاب نہیں ہوں گی، کیونکہ درخواستوں کا عمل آن لائن پلیٹ فارم پر منتقل کر دیا جائے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے کہا کہ آن لائن سہولیات کا اجرا عوامی سہولت کو بہتر بنانے اور ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات تک شہریوں کی رسائی آسان بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ تجدید شدہ اورڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کوریئر سروس کے ذریعے درخواست گزاروں کے رہائشی پتے پر پہنچائے جائیں گے، جس سے شہریوں کو لائسنس کے حصول کے لیے بار بار ٹریفک پولیس کے دفاتر جانے کی زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست جمع کراتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل فون نمبر احتیاط سے درج کریں۔
انہوں نے کہا کہ لائسنس کی بروقت ترسیل کے لیے درست معلومات فراہم کرنا ضروری ہے، جبکہ غلط یا نامکمل پتے کی وجہ سے ترسیل میں تاخیر ہو سکتی ہے۔کائنات اظہر خان نے کہا کہ نئی سہولت سے شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا اور معمول کی لائسنسنگ خدمات کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی دشواری کم ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے اپنی خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ عوامی سہولت اور خدمات کی مؤثر فراہمی اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔







