اسلام آباد پولیس میں فیز ون بھرتی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز جاری

اسلام آباد پولیس میں فیز ون بھرتی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز جاری ہیں، سینئر افسران پر مشتمل پینل امیدواروں کی اہلیت کا جائزہ لینے میں مصروف ہے

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس میں فیز ون بھرتی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز جاری ہیں، سینئر افسران پر مشتمل پینل امیدواروں کی اہلیت کا جائزہ لینے میں مصروف ہے۔مزید برآں ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا اور بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں ۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس میں فیز ون بھرتی کے عمل کے سلسلے میں امیدواروں کے انٹرویوز جاری ہیں۔ اس سلسلے میں سینئر پولیس افسران پر مشتمل پینل نے امیدواروں کے انٹرویوز کئے جن کے دوران ان کی اہلیت، قابلیت اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔مزید بھرتی کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ اہل اور قابل امیدواروں کو آگے آنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ بھرتی کے تمام مراحل کو منظم انداز میں مکمل کرنے اور امیدواروں کے لیے مناسب انتظامات یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔

اسلام آباد پولیس کا مقصد پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو فورس کا حصہ بنا کر شہریوں کے تحفظ اور پولیسنگ کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔مزید برآں ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کے مختلف مقامات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دستیاب انتظامی سہولیات، روزمرہ امور اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورہ کا مقصد پولیس لائنز میں دستیاب سہولیات کی صورتحال کا معائنہ کرنا اور روزمرہ امور کی بہتر، موثر اور منظم انجام دہی کو یقینی بنانا تھا۔ایس پی ہیڈکوارٹرز نے متعلقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے اور انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ پولیس افسران و اہلکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کےساتھ محکمانہ امور کی انجام دہی کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکے۔

اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ، پیشہ ورانہ معیار میں بہتری اور فورس کی انتظامی استعداد بڑھانے کے لیے بھرتی کے عمل میں میرٹ و شفافیت اور داخلی انتظامات کو موثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔