اسلام آباد پولیس کی کارروائی، 571 مشتبہ افراد سے منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد

اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں 571 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے منشیات فروشوں، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران گزشتہ دو ہفتوں میں 571 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس حکام نے اتوار کو’’ اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ یہ گرفتاریاں ’’منشیات،اسلحہ سے پاک اسلام آباد‘‘ مہمات کے ساتھ اشتہاری مجرموں اور عدالتی مفروروں کے خلاف آپریشنز کے تحت عمل میں لائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان سے 13,692 گرام چرس، 4,521 گرام ہیروئن، 12,402 گرام آئس اور شراب کی 892 بوتلیں برآمد کیں۔’’اسلحہ سے پاک اسلام آباد‘‘ مہم کے تحت، پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے یا اس کی نمائش کرنے پر 111 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔

پولیس نے تین کلاشنکوف، چار بندوقیں اور رائفلیں، 11 خنجر اور مختلف کیلیبر کے 94 پستول بھی برآمد کیے۔اشتہاری مجرموں، عادی مجرموں اور عدالتی مفروروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران، پولیس نے دو ہفتوں کے عرصے میں 314 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا ہے۔آئی سی ٹی پولیس نے سکیورٹی کو بہتر بنانے اور مشکوک سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کے لیے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 114 بڑے کومبنگ اور سرچ آپریشنز بھی کیے۔

ان کارروائیوں کے دوران پولیس نے 6,328 افراد اور 2,617 گھرانوں کی جانچ پڑتال کی، اس کے علاوہ 271 ہوٹلوں، 640 دکانوں، 3,036 موٹر سائیکلوں اور 1,206 گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔مزید تصدیق کے لیے 382 مشکوک افراد، 328 موٹر سائیکلوں اور 10 گاڑیوں کو متعلقہ تھانوں منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجرمانہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔