اسلام آباد چیمبر اور افریقی سفارتی برادری مل کر ’’افریقہ ڈے‘‘ منائیں گے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) افریقی سفارتی برادری کے تعاون سے 30 جون کو چیمبر کے ایس ایم منیر آڈیٹوریم میں ’’افریقہ ڈے 2026‘‘ بھرپور جوش و خروش اور شایان شان انداز میں منائے گا۔

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) افریقی سفارتی برادری کے تعاون سے 30 جون کو چیمبر کے ایس ایم منیر آڈیٹوریم میں ’’افریقہ ڈے 2026‘‘ بھرپور جوش و خروش اور شایان شان انداز میں منائے گا۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط کو مزید مستحکم بنانا اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔اس اہم فیصلے کو حتمی شکل پیر کے روز اس وقت دی گئی جب ماریشس کے ہائی کمشنر منصور کریمبیکس اور مراکش کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن احمد دریف نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔چیمبر ہائوس آمد پر معزز مہمانوں کا استقبال صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر عرفان چوہدری، کنوینر آئی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور ظفر بختاوری، کنوینر قائمہ کمیٹی برائے سسٹر سٹیز انیشی ایٹو ساجد اقبال، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، ایگزیکٹو ممبر عرفان چوہدری اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماریشس کے ہائی کمشنر نے عالمی سطح پر بزنس ڈپلومیسی کے فروغ اور مختلف ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ روابط مضبوط بنانے میں آئی سی سی آئی کے فعال کردار کو سراہا۔ انہوں نے بین الاقوامی اقتصادی تعاون کے فروغ اور کاروباری برادریوں کے درمیان روابط قائم کرنے کے لیے چیمبر کی مسلسل کاوشوں کی تعریف کی۔مراکش کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن احمد دریف نے پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مزید قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ افریقی ممالک پاکستان کی خارجہ اقتصادی اور تجارتی پالیسی میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افریقی براعظم تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افریقہ ڈے 2026 کی تقریب پاکستان اور افریقی ممالک کے سفارتکاروں، سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور پالیسی سازوں کو ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس کے نتیجے میں باہمی اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں گے۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ افریقہ ڈے نہ صرف افریقی ممالک کی شاندار ثقافتی تنوع کو اجاگر کرے گا بلکہ یہ تقریب افریقی ممالک کی تجارتی و سرمایہ کاری صلاحیتوں کو متعارف کرانے اور پاکستان و افریقہ کے درمیان تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع بھی ثابت ہوگی۔کنوینر آئی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات کو ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری وفود، ثقافتی گروپوں اور تعلیمی اداروں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کے روایتی کھانوں کے تعارف سے عوامی سطح پر روابط اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط ثقافتی اور سماجی روابط اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور پاکستان و افریقی ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کی بنیاد رکھیں گے۔اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ افریقہ ڈے 2026 پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان دوستی، اقتصادی تعاون، ثقافتی ہم آہنگی اور سفارتی روابط کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔تقریب میں مختلف افریقی ممالک کے سفراء، سفارتکار، حکومتی نمائندگان، سرمایہ کار، کاروباری شخصیات، سفارتی برادری کے اراکین اور پاکستان کے نجی شعبے کے نمائندوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔