اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ اور کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جس سے اسلام آباد مقامی تاجروں اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے لیے ایک متحرک کاروباری مرکز کے طور پر ابھرنے کے قابل ہو گا۔
اسلام آباد کو خطے کا اہم کاروباری مرکز بنائیں گے ، صدر آئی سی سی آئی
اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ اور کاروبار دوست پالیسیوں کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جس سے اسلام آباد مقامی تاجروں اور بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے لیے ایک متحرک کاروباری مرکز کے طور پر ابھرنے کے قابل ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے) ملٹی مرکز ای 11 کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے اپنے صدر ظاہر محمود عباسی کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کیا۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ چیمبر کی مضبوطی تاجر برادری کی فعال شمولیت میں مضمر ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ خود کو آئی سی سی آئی کے ممبر کے طور پر رجسٹر کرائیں کیونکہ وسیع تر رکنیت چیمبر کو موثر طریقے سے تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے مزید بااختیار بنائے گی۔
انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ای 11 مرکز میں تاجروں کو درپیش مسائل کو کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سمیت متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا جائے گا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جائے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے) ملٹی مرکز ای 11 کے صدر ظاہر محمود عباسی نے تاجر برادری کے ساتھ قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر چیمبر کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے تاجر برادری کے لیے مسلسل کوششوں اور خدمات کے اعتراف میں فائونڈر گروپ کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے ایسوسی ایشن کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کو سرمایہ کاری کرتے وقت ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان ہی ہماری خوشحالی کا ضامن ہے ۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے صدر سردار طاہر محمود کی متحرک قیادت میں چیمبر کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔آئی سی سی آئی کے نائب صدر عرفان چوہدری نے تاجر برادری کو قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور انہیں چیمبر کی جانب سے ان کے تحفظات کو دور کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔سرپرست اعلیٰ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے) ملٹی مرکز ای 11 ناظر اسلم خٹک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے ان کا اعتماد بڑھ سکے۔
اس موقع پر آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، چیئرمین ای 11 ٹی ڈبلیو اے جواد حسین شاہ اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری نے کی۔اس موقع پر دیگر کے علاوہ ایگزیکٹو ممبر اسحاق سیال، آئی سی سی آئی کے سینئر ممبران راجہ مجید، اسرار مشوانی، امتیاز عباسی، فاروق حیدر، جواد عباسی، یونس کیانی اور وسیم لودھی بھی موجود تھے۔









