اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکیاں ناقابل قبول، اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کی دھمکی دینے والے جنید اکبر خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام آباد کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، یہ پاکستان کا دارالحکومت اور 25 کروڑ عوام کی نمائندگی کرنے والا شہر ہے۔

اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنی طرزِسیاست اور حکمرانی سے خیبرپختونخوا کو جس بدامنی، بدانتظامی اور سیاسی انتشار سے دوچار کیا، اسے ’’سومنات‘‘ بنانے کی سیاست نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟ اب اسلام آباد کے بارے میں ایسی زبان اور ایسے عزائم ناقابلِ قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کاحسن ہےلیکن دارالحکومت کو میدانِ تصادم بنانے کی دھمکیاں نہ جمہوری سیاست اور نہ ہی عوام کے مفاد میں ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد کو نقصان پہنچانے کا سوچنے کے بجائےخیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں۔

مزید خبریں