اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلی سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کا افتتاح

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلی سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کا افتتاح

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائی کورٹ میں ملک کی پہلی سمارٹ پیپرلیس ڈیجیٹل کورٹ کا افتتاح کردیا گیا جبکہ ہائیکورٹ کی عمارت میں سائلین اور وکلاء کیلئے فری وائی فائی اور میڈیا سینٹر کا بھی افتتاح کیاگیا۔بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان کی پہلی سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس عامر فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے علاوہ ہائیکورٹ کے دیگر ججز کے ہمراہ مہمانوں کے ساتھ موجود تھے۔ کورٹ روم نمبر ایک میں سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے سمارٹ پیپر لیس ڈیجیٹل کورٹ کو مکمل کیا۔

ہائیکورٹ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ انچارج عمر رشید ڈار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چیف جسٹس کی ہدایت پر یہ سسٹم تیار کیا۔ بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفرازڈوگر کے ہمراہ فری وائی فائی سہولت کا بھی افتتاح کیا، اس وائی فائی سے سائلین اور وکلاء مستفید ہوں گے۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ رجسٹرار محمد یار ولانہ، ایڈیشنل رجسٹرار نورمحمد مرزا، پراسیکیوٹرجنرل منظور احمد ججہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد گیلانی، سیکرٹری بیرسٹر قاسم نواز عباسی، جوڈیشل افسران، اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران نے تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہاکہ میڈیا کے دوستوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزاد میڈیا کیلئے آج ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کا افتتاح کر رہے ہیں، آزادی رائے سب کا حق ہے، بے شک ہم پر تنقید کریں یا تعریف کریں، آپ آزاد ہیں۔