سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے مختص پلاٹوں اور فلیٹس کی شفاف تقسیم یقینی بنانے، متعلقہ قواعد و ضوابط کمیٹی کے سامنے پیش کرنے اور اہل افراد کی فہرستیں متعلقہ فورمز کی ویب سائٹس پر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظات …
اطلاعات و نشریات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس، صحافیوں کے لیے ایف جی ای ایچ اے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا جائزہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) کے مختص پلاٹوں اور فلیٹس کی شفاف تقسیم یقینی بنانے، متعلقہ قواعد و ضوابط کمیٹی کے سامنے پیش کرنے اور اہل افراد کی فہرستیں متعلقہ فورمز کی ویب سائٹس پر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے ذیلی کمیٹی کی سفارشات ماہ رواں کے اختتام تک پیش کر دی جائیں گی۔
منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس سینیٹر سید وقار مہدی کی زیر صدارت پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر سید وقار مہدی اور سینیٹر جان محمد سمیت متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزارت ذیلی کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے اور معاملے پر پیش رفت طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ عملدرآمد اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرانے والے متعدد صحافی بھی اجلاس میں موجود تھے جنہوں نے ذیلی کمیٹی کے سامنے اپنے تحفظات اور شکایات پیش کیں۔ ذیلی کمیٹی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل اور تحفظات کا بروقت ازالہ کیا جائے گا۔ ذیلی کمیٹی کے کنوینر سینیٹر سید وقار مہدی نے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفاف طریقہ کار اختیار کیا جائے اور مقررہ معیار پر پورا اترنے والے افراد کی فہرستیں متعلقہ فورمز بشمول پریس کلب کی ویب سائٹس پر جاری کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافی اور میڈیا ورکرز دن رات اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں اور فیلڈ میں فرائض کی ادائیگی کے دوران انہیں درپیش مشکلات سے ہم پوری طرح آگاہ ہیں۔ کنوینئر نے وزارت کے حکام کو تمام متعلقہ قواعد و ضوابط ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ اس معاملے کو حل کیا جائے گا اور کہا کہ ذیلی کمیٹی کی سفارشات ماہ کے اختتام تک پیش کر دی جائیں گی جس کے بعد پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے فالو اپ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔







