پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، افغان سرزمین سے ڈرون دراندازی قابل مذمت ہے۔
افغان سرزمین سے ڈرون دراندازی قابل مذمت ، قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، محمد ہمایوں خان

مزید خبریں
اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، افغان سرزمین سے ڈرون دراندازی قابل مذمت ہے۔
پی پی پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں محمد ہمایوں خان نے کہا کہ فضائی حدود کے دفاع میں افواج پاکستان کی بروقت اور مؤثر کارروائی قابل تحسین ہے،ا نہوں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تمام ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے ناکام بنا دیا،پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ متحد اور یک آواز کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی دہشتگردی یا مسلح کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغان حکام کو محض لاتعلقی کے بیانات کے بجائے اپنی سرزمین سے ہونے والی کارروائیوں کا مؤثر سدباب کرنا ہوگا ۔
محمد ہمایوں خان نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کا عالمی قوانین اور خطے کے امن کے تناظر میں سنجیدگی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے،خطے میں پائیدار امن کے لیے افغانستان سے پاکستان کے خلاف مسلح کارروائیوں کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کی ہر آئینی اور قانونی کاوش کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی سرزمین، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔







