اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلتے تنازعات کو روکنے، شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگوں کے معاشی اثرات میدانِ جنگ سے کہیں دور تک پھیل رہے ہیں۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نےکہا کہ موجودہ …
اقوام متحدہ کا تنازعات روکنے، شہر ی تحفظ اور سفارت کاری سے امن کی ضرورت پر زور ،جنگوں کے معاشی اثرات دور تک پھیل رہے ہیں،انتونیو گوتریش

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔23اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں پھیلتے تنازعات کو روکنے، شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے اور سفارت کاری کے ذریعے امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جنگوں کے معاشی اثرات میدانِ جنگ سے کہیں دور تک پھیل رہے ہیں۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نےکہا کہ موجودہ دور میں تنازعات نہ صرف شدت اختیار کر رہے ہیں بلکہ ان کا دائرہ بھی وسیع ہو رہا ہے۔
انہوں نے اس صورت حال کو جنگ کا ’’ایل نینو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایل نینو دنیا کے ایک حصے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے ذریعے ہزاروں کلومیٹر دور زندگیوں کو متاثر کرتا ہے اسی طرح تنازعات بھی ایک دوسرے کو ہوا دے رہے ہیں اور ان کے اثرات تیزی سے دور دراز علاقوں تک پہنچ رہے ہیں۔انتونیو گوتریش نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ممنوع ہے اس لیے ایسے حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگوں کے اثرات صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہتے بلکہ توانائی کی منڈیوں، بحری راستوں، سپلائی چین اور مالیاتی نظام کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی دباؤ سے پہلے ہی غیر مساوی دنیا میں مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں، بعض افراد بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ برداشت کر سکتے ہیں جبکہ دیگر کو خوراک اور گھروں کو گرم رکھنے کے اخراجات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، اسی طرح غریب ممالک قرضوں کی ادائیگی اور صحت و تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے درمیان مشکل فیصلے کرنے پر مجبور ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے مشرق وسطیٰ سمیت مختلف خطوں میں جاری لڑائی کے خاتمے، بین الاقوامی قانون کے احترام، شہریوں کے تحفظ اور بحری جہاز رانی کی آزادی یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سفارت کاری کو کامیاب ہونے کا موقع دیا جانا چاہیے۔مصر کے مجوزہ دورے سے قبل انتونیو گوتریش نے ایک بار پھر امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے، شہریوں کا تحفظ کرنے اور سفارت کاری و امن کے لیے سازگار سیاسی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ تحفظ، وقار اور ایسی حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کے خواہاں ہیں جو ان کی توقعات پر پورا اتریں۔








