اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنائے، مستقل مندوب منیر اکرم

اقوام متحدہ ۔27جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنائے۔ انہوں نے سلامتی کونسل میں نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس عالمی نظام کی بنیاد ہیں جس کا تصور اقوام متحدہ کے چارٹر میں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے زیادہ تر ممالک نے اپنے حق خود ارادیت کا استعمال کیا ہے، لیکن بہت سے ایسے ہیں جنہیں غیر ملکی قبضے اور جبر کی وجہ سے اس حق کے استعمال سے روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاان میں سے دو کونسل کے ایجنڈے میں سب سے زیادہ پیچیدہ تنازعات فلسطین اور جموں و کشمیر ہیں جہاں پر عوام کے حق خودارادیت کو دبایا جا رہا ہے جو بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر کےعوام کو اپنے حق خودارادیت کا استعمال کرنے کے قابل بنانا سلامتی کونسل کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دنیا 70 سال قبل کی نسبت بہت زیادہ امیر ہے، اس کے باوجود عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے اور امیر و غریب کے درمیان تقسیم بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم امن قائم کرنے کے لیے مستحکم ترقی کی ضرورت ہے، اور موسمیاتی ایجنڈے کو حاصل کرنا ہے۔ پائیدار امن تک پہنچنے کے لیے ماحولیاتی انصاف کی ضرورت ہے۔