اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جی ایچ کیو آمد، آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سکیورٹی اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف

مزید خبریں
راولپنڈی۔7اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کے مجموعی استحکام، مسئلہ جموں و کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور افغانستان کی سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے عالمی امن و امان کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاک فوج کی تاریخی اور گراں قدر خدمات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے عالمی سطح پر امن کے قیام، علاقائی استحکام اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں اقوام متحدہ کے کردار اور سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں اور لازوال خدمات پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی امن و استحکام کے لئے پاکستان کے مسلسل اور فعال کردار کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لئے پاکستان کی سفارتی و عملی کوششوں کی خصوصی تعریف کی۔








