اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی دوڑ میں متحدہ عرب امارات کی سفارتکار بھی شامل

متحدہ عرب امارات کی سفارتکار لانا نسیبہ نے اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے امیدوار کی حیثیت سے دوڑ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ انتخابی عمل سے متعلق سرکاری ویب پیج پر ان کا نام شامل کیا گیا، جس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے انہیں باضابطہ طور پر نامزد کیا ہے۔ لانا نسیبہ …

اقوام متحدہ ۔22اکتوبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی سفارتکار لانا نسیبہ نے اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے امیدوار کی حیثیت سے دوڑ میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ انتخابی عمل سے متعلق سرکاری ویب پیج پر ان کا نام شامل کیا گیا، جس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے انہیں باضابطہ طور پر نامزد کیا ہے۔ لانا نسیبہ اس وقت امارات کی وزارت خارجہ میں وزیر مملکت کے عہدے پر فائز ہیں۔

امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے اپنی نامزدگی پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے عہدے سے عارضی رخصت لے لی ہے۔لانا نسیبہ 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ رہیں۔ اس دوران انہوں نے 2022 سے 2023 تک سلامتی کونسل میں امارات کی منتخب رکنیت کے دوران دو مرتبہ کونسل کی گردشی صدارت بھی سنبھالی۔

1978 میں پیدا ہونے والی لانا نسیبہ اس عہدے کے لیے موجودہ امیدواروں میں سب سے کم عمر ہیں۔رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے اب امیدواروں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ سلامتی کونسل میں اب تک ہونے والے چھ غیر رسمی ابتدائی رائے شماری کے مراحل میں کوئی بھی امیدوار کونسل کی سفارش کے لیے درکار حمایت حاصل نہیں کر سکا۔اقوام متحدہ کے منشور کے تحت سلامتی کونسل کسی امیدوار کو سیکرٹری جنرل کے عہدے پر تقرری کے لیے جنرل اسمبلی میں نامزد کرتی ہے۔

اس عہدے کے دیگر امیدواروں میں ایکواڈور کی سابق وزیر اور سفارتکار ایوون اے باکی، ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سابق صدر ماریا فرنانڈا ایسپینوسا، ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے موجودہ ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی، کوسٹا ریکا کی سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس کی موجودہ سیکرٹری جنرل ریبیکا گرینسپین، یوگنڈا کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل اولارا اوتونو، گیانا کی اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ کیرولین روڈریگز برکٹ اور سینیگال کے سابق صدر میکی سال شامل ہیں۔اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کی مدتِ عہدہ یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔