امریکی صدر کا غیر ملکی تاریکن وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے طویل عرصے تک معطل ر کھنے کا عندیہ

واشنگٹن۔1دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی تاریکن وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے طویل عرصے تک معطل رکھیں گے۔انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا تعلق ان 19 ممالک کی فہرست سے ہے جن پر پہلے ہی امریکا کے سفر پر پابندیاں عائد ہیں۔ ان ممالک میں افغانستان بھی شامل ہے۔ …

واشنگٹن۔1دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ میں غیر ملکی تاریکن وطن کی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے طویل عرصے تک معطل رکھیں گے۔انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا تعلق ان 19 ممالک کی فہرست سے ہے جن پر پہلے ہی امریکا کے سفر پر پابندیاں عائد ہیں۔ ان ممالک میں افغانستان بھی شامل ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا کہ ان کی انتظامیہ پناہ کی درخواستوں پر فیصلہ طویل عرصے تک معطل رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے یہ پابندی واشنگٹن میں 26 نومبر کو فائرنگ کے واقعے کے بعد لگائی جس میں 20 سالہ امریکی گارڈ سارہ بیکسٹروم ہلاک ہو گئیں جب کہ ایک گارڈ شدید زخمی ہو گیا۔ اس واقعے کے سلسلے میں 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کو گرفتار کر کے اس پر قتل عمد کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی واپسی کے دوران صحافیوں کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ پناہ کی درخواستیں معطل کرنے کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا، ٹرمپ نے کہا کہ ان کے ذہن میں اس اقدام کے لیے وقت کی کوئی حد نہیں ہے۔ امریکی صدر کہا کہ ہم ان لوگوں کو نہیں چاہتے۔ آپ جانتے ہیں ہم انہیں کیوں نہیں چاہتے؟ کیوں کہ ان میں سے بہت سے اچھے ثابت نہیں ہوئے اور انہیں ہمارے ملک میں نہیں ہونا چاہیے۔وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے کے ملزم رحمان اللہ لکنوال کو اپریل 2025 میں ٹرمپ انتظامیہ کے دور میں پناہ دی گئی تھی، تاہم حکام نے افغان ایئر لفٹ کے دوران امریکی سرزمین پر ان کے داخلے کا ذمہ دار ٹرمپ کے پیشرو جو بائیڈن کی حکومت کی جانب سے کی گئی مبینہ ’ناقص جانچ پڑتال‘ کو قرار دیا ہے۔

امریکی صدر نے اس واقعہ کے بعد اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ تیسری دنیا کے تمام ممالک سے امیگریشن کو مستقل طور پر روکنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ امریکی نظام مکمل طور پر بحال ہو سکے۔ اس سوال پر کہ کون سے لوگ اس پابندی سے متاثر ہوں گے، محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ان 19 ممالک کی فہرست کی طرف اشارہ کیا جن میں افغانستان، کیوبا، ہیٹی، ایران اور میانمار شامل ہیں اور ان سب ممالک کے شہریوں پر جون سے امر یکا کے لیے سفری پابندیاں عائد ہیں۔

مزید خبریں