امریکی صدر کا ملکی تیل کمپنیوں پر زیادہ پیسا کمانے کا الزام،کچھ عوام کو واپس کرنے کا مشورہ

"امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کی بڑی کمپنیوں پر موجودہ حالات میں غیر معمولی منافع کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنی آمدن کا کچھ حصہ عوام کو واپس کرنا چاہیے۔”

واشنگٹن۔4اگست (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل کی بڑی کمپنیوں پر موجودہ حالات میں بہت زیادہ پیسہ بنانے کا الزام لگاتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ اس میں سے کچھ عوام کو واپس کرنا چاہیے۔

اردو نیوز کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے ایکسون اور شیورون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسی باتوں کو پسند نہیں کرتا۔تین روز قبل ہی کمپنیوں کے دوسری سہ ماہی کے منافع کے حوالے سے رپورٹ سامنے آئی تھی جو کہ کافی بلند تھا جبکہ دوسری جانب ایران جنگ کے باعث تیل کے نرخوں میں اضافہ ہو ا ہے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق شیورون اور ایکسون موبل بہت زیادہ پیسہ کما رہی ہیں۔اس بیان کے بعد دونوں کمپنیوں کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم وہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی عوامی دباؤ کو کارپوریٹ سیکٹر کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔وہ عموماً سوشل میڈیا یا صحافیوں سے گفتگو کے ذریعے براہ راست کمپنیوں کو ہدف بناتے رہے ہیں۔اپنے پہلے دور صدارت میں انہوں نے گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں پر دباؤ ڈالا کہ وہ امریکا میں پیداوار کا سلسلہ برقرار رکھیں ، اسی طرح ڈیفنس کنٹریکٹرز کے اخراجات کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں جبکہ دواساز کمپنیوں پر قیمتیں کم کرنے کا بھی دباؤ ڈالا۔