امیگریشن ڈیوٹی کے دوران رشوت خوری، ایف آئی اے کے 2 اہلکاروں پر مقدمہ درج، ایک گرفتار

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل نے ادارے کے اندر موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، اینٹی کرپشن سرکل نے کرپٹ عناصر کی بیخ کنی کے لیے یہ اقدام کیا۔ نامزد اہلکاروں کے …

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل نے ادارے کے اندر موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ایک کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، اینٹی کرپشن سرکل نے کرپٹ عناصر کی بیخ کنی کے لیے یہ اقدام کیا۔

نامزد اہلکاروں کے خلاف امیگریشن ڈیوٹی کی انجام دہی کے دوران غیر قانونی سہولت کاری اور مسافروں سے رشوت وصول کرنے کے الزامات کے تحت انکوائری چل رہی تھی۔تفتیش کے دوران دونوں اہلکار مسافروں سے غیر قانونی رقوم بٹورنے میں ملوث پائے گئے، جس پر ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم اہلکار کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مقدمے میں نامزد دوسرے اہلکار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور ادارے میں خود احتسابی کے عمل کے تحت بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔