انسانی اسمگلنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے لاہور اور گجرات میں مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔

لاہور۔18مئی (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی لاہور زون نے لاہور اور گجرات میں مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں محمد بلال اور لیاقت محمد عباس شامل ہیں۔ ملزم محمد بلال کو لاہور جبکہ لیاقت محمد عباس کو گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملزم محمد بلال نے ایک شہری کو بیرون ملک ملازمت دلوانے کا جھانسہ دے کر 5 لاکھ 93 ہزار روپے وصول کئے، تاہم وہ شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم ہتھیانے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔دوسری کارروائی میں ملزم لیاقت محمد عباس کو کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے مختلف معروف رجسٹرڈ کمپنیوں کی جعلی مصنوعات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم جعلی مصنوعات تیار کرنے، ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔