انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح، حادثات سے پہلے موثر اقدامات کرنا ہوں گے، گورنر سندھ

انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح، حادثات سے پہلے موثر اقدامات کرنا ہوں گے، گورنر سندھ

کراچی۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ حادثہ پیش آنے کے بعد اقدامات کرنے کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پہلے سے موثر انتظامات ناگزیر ہیں۔ جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے 9ویں HS&E Excellence Annual Conference & Awards 2026کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوںنے کہا کہ مزدوروں، ماہی گیروں اور عام شہریوں سمیت ہر فرد کی زندگی یکساں اہمیت رکھتی ہے، اس لیے فیکٹریوں، تعمیراتی منصوبوں اور دیگر مقامات پر حفاظتی نظام کو موثر بنانے کے ساتھ عوام میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کا شعور بھی اجاگر کرنا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مزدوروں اور ورکرز کیلئے مناسب حفاظتی انتظامات کا فقدان دیکھنے میں آتا ہے، جس پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہا کہ ماہی گیر بھی سمندر میں مختلف خطرات کا سامنا کرتے ہیں، انہیں ضروری حفاظتی آلات کے ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ حفاظتی شعور کو صنعتی اداروں تک محدود رکھنے کے بجائے گھروں تک لے جانا ہوگا، خواتین، بچوں اور دیگر افراد کو بھی حادثات سے بچا ئواور ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہر عمارت میں فائر فائٹنگ کے مناسب آلات کی موجودگی سے آتشزدگی کے نقصانات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حادثے کا انتظار نہیں کرنا بلکہ حادثے سے پہلے اس کے ممکنہ خطرات کو سمجھ کر اقدامات کرنے ہوں گے، تعلیمی اداروں میں حادثات سے بچائو اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے موضوع کو نصاب کا حصہ بنانے کے ساتھ سال بھر آگاہی مہمات اور عملی تربیتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ صنعت، کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے مربوط اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔گورنر سندھ نے صحت، حفاظت اور ماحولیات کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر اداروں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔