انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے ، ڈپٹی کمشنرراولپنڈی

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی زیرِ صدارت انسدادِ ڈینگی اجلاس، مؤثر اقدامات کا جائزہ

راولپنڈی۔ 08 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ نگرانی انسداد ڈینگی کااجلاس منعقد ہوا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عبدالرحمن خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔

انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں، سرویلنس، ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ، لاروا تلفی، ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس، صفائی کی صورتحال، آگاہی مہم اور مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے اپنی اپنی محکمانہ کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ بھی دی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ افزائش گاہوں کا بروقت خاتمہ، حساس مقامات کی مسلسل نگرانی اور مؤثر بین المحکمہ جاتی رابطہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے زور دیا کہ عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہری اپنے گھروں، دفاتر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام سرگرمیوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور غفلت یا کوتاہی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں