پاکستان علماء کونسل سمیت مختلف دینی جماعتوں کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت

انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل، پاکستان علماء کونسل، متحدہ جمعیت اہلحدیث، مرکزی علماء کونسل، جمعیت علماء پاکستان، سنی علماء کونسل، اہل سنت والجماعت اور دیگر دینی و مذہبی تنظیموں نے سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں، مسافروں اور شہری تنصیبات پر حوثی باغیوں کے مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ قائدین نے ان حملوں کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی …

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل، پاکستان علماء کونسل، متحدہ جمعیت اہلحدیث، مرکزی علماء کونسل، جمعیت علماء پاکستان، سنی علماء کونسل، اہل سنت والجماعت اور دیگر دینی و مذہبی تنظیموں نے سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں، مسافروں اور شہری تنصیبات پر حوثی باغیوں کے مسلسل میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ قائدین نے ان حملوں کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور عالمِ اسلام کے امن و استحکام کے لئے براہِ راست خطرہ قرار دیا۔

قائدین کے مطابق ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کے نتیجے میں بے گناہ افراد جاں بحق، سینکڑوں زخمی ہوئے اور ایک پاکستانی شہری بھی شہید ہوا۔ مسافروں، بچوں، خواتین، مریضوں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا کسی مذہب، مسلک یا سیاسی مؤقف کے تحت جائز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے شہداء کے اہلِخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ارضِ حرمین شریفین کی سلامتی پوری امتِ مسلمہ کی ریڈ لائن ہے،حوثیوں کی جارحیت صرف سعودی عرب نہیں بلکہ خطے کے امن، عالمی فضائی سفر، بین الاقوامی تجارت اور لاکھوں بے گناہ انسانوں کی سلامتی کے خلاف حملہ ہے۔

انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی حکومت، مسلح افواج اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کو اپنی خودمختاری، شہریوں، مقیم غیر ملکیوں، حجاج و معتمرین اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی قانون کے مطابق تمام ضروری اور جائز دفاعی اقدامات کا حق حاصل ہے۔قائدین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ، خلیج تعاون کونسل اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ محض مذمت تک محدود نہ رہیں بلکہ حملے فوری رکوانے، ذمہ دار عناصر کا احتساب کرنے، شہری تنصیبات کے تحفظ اور حوثیوں کو اسلحہ، مالی وسائل اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یمن کے عوام کے خلاف کوئی مخاصمت نہیں، امتِ مسلمہ یمن میں امن، سیاسی استحکام اور شہریوں کے تحفظ کی خواہاں ہے۔ پاکستان علماء کونسل اور متعلقہ جماعتوں نے حرمین شریفین کے تقدس، سعودی عرب کی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور امتِ مسلمہ کی وحدت کے لئے پُرامن، قانونی، دینی اور سفارتی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔