انڈسٹری اور یونیورسٹوں کے درمیان مضبوط رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے، سیف الرحمان

انڈسٹری اور یونیورسٹوں کے درمیان مضبوط رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے، سیف الرحمان

لاہور۔14جون (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی، جدت طرازی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔اتوار کو لاہور میں شورکوٹ، ضلع جھنگ سے آئے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعت، جامعات اور حکومت کے باہمی تعاون سے نہ صرف افرادی قوت کی استعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ تحقیق، سرمایہ کاری اور مسابقتی صلاحیتوں کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ صنعت کار تعلیمی نصاب کی تشکیل، مستقبل کی مہارتوں کی نشاندہی اور مارکیٹ کی ضروریات سے آگاہی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ جامعات کو عملی تحقیق، جدت طرازی اور کاروباری سرگرمیوں کے مراکز بننا چاہیے۔وفد کے سربراہ گروپ کیپٹن (ر) محمد اقبال جٹ نے کہا کہ تعلیمی قابلیت اور مارکیٹ کی ضروریات کے درمیان بڑھتا ہوا فرق ایک بڑا چیلنج ہے،جس کے باعث ہزاروں گریجوایٹس مناسب روزگار حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس خلا کو پر کرنے کیلئے تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومت کے درمیان طویل المدتی شراکت داری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور انڈسٹری سے منسلک سرٹیفکیشن، اپرنٹس شپ،انٹرن شپ اور فنی تربیتی پروگراموں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جائے تاکہ نوجوان عملی مہارتوں سے آراستہ ہو کر روزگار کے میدان میں قدم رکھ سکیں۔