اوپن یونیورسٹی کا جاب فئیر 20 اگست کو منعقد ہوگا

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملک کے ممتاز سرکاری و نجی اداروں سے براہِ راست جوڑنے، انہیں روزگار، انٹرن شپ، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ’’جاب فئیر‘‘ 20 اگست کو یونیورسٹی کے سائنس بلاک میں منعقد ہوگا۔

اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملک کے ممتاز سرکاری و نجی اداروں سے براہِ راست جوڑنے، انہیں روزگار، انٹرن شپ، تربیتی پروگراموں اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ’’جاب فئیر‘‘ 20 اگست کو یونیورسٹی کے سائنس بلاک میں منعقد ہوگا۔

اپنی نوعیت کا یہ پہلا جاب فئیر صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا جبکہ اس جاب فئیر کا باقاعدہ افتتاح صبح 9 بجے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کریں گے۔جاب فئیر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ اور فارغ التحصیل نوجوانوں کے علاوہ ملک کی دیگر جامعات کے طلبہ بھی شرکت کر سکیں گے۔ مختلف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں، سرکاری و نجی اداروں، مالیاتی اداروں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، بینکنگ، تعلیم، صحت، صنعت اور خدمات کے شعبوں سے وابستہ ممتاز ادارے اپنے نمائندہ سٹالز قائم کریں گےجہاں شرکاء کو روزگار، انٹرن شپ، گریجویٹ ٹرینی پروگرامز، کیریئر کونسلنگ اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کی جائے گی۔وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصرمحمود نے کہا کہ طلبہ میں پیشہ ورانہ مہارتوں کا فروغ اور انہیں عملی میدان کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا یونیورسٹی کی اولین ترجیح ہے۔

فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے کہا کہ یہ جاب فئیر فیکلٹی کی اُن کاوشوں کا حصہ ہے جن کا مقصد صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط روابط استوار کرنا، ممتاز قومی و نجی اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور طلبہ کے لیے روزگار، انٹرن شپ اور پیشہ ورانہ تربیت کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ،فارغ التحصیل نوجوانوں اور دیگر جامعات کے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے تازہ ترین سی ویز کے ہمراہ اس جاب فئیر میں شرکت کریں اور ملک کے ممتاز اداروں سے براہِ راست رابطہ قائم کرکے اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے اس منفرد موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔