او آئی سی سی آئی کا یورو بانڈز کے اجرا کا خیرمقدم

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( او آئی سی سی آئی) نے پاکستان کے اب تک کے سب سے بڑے بین الاقوامی بانڈ اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہونا پاکستان پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( او آئی سی سی آئی) نے پاکستان کے اب تک کے سب سے بڑے بین الاقوامی بانڈ اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں موصول ہونا پاکستان پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔

او آئی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 10 سالہ بانڈ سمیت طویل مدتی سیکیورٹیز میں عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی سے اس امر کی عکاسی ہورہی ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کے معاشی استحکام، جاری اصلاحات اور مستقبل کے معاشی امکانات کو مثبت نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ چیمبر نے کہا کہ پاکستان کو اس اعتماد کو پائیدار بنانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھنے، مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کو مرکزی حیثیت دینے والی جامع معاشی حکمت عملی پر مستقل مزاجی سے عمل کرنا ہوگا۔ او آئی سی سی آئی نے کہاہے کہ ان اقدامات سے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنانے اور پہلے سے موجود بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ نئے ممکنہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کرنے میں بھی مدد ملے گی۔