او جی ڈی سی کا مالی سال 2030-31 تک تیل کی پیداوار میں 68 فیصد، گیس کی فروخت میں 46 فیصد اضافے کا منصوبہ

آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی)نے پانچ سالہ توسیعی منصوبہ پیش کیا ہےجس کے تحت مالی سال 2030-31 تک خام تیل کی پیداوار میں 68 فیصد اور قدرتی گیس کی فروخت میں 46 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی)نے پانچ سالہ توسیعی منصوبہ پیش کیا ہےجس کے تحت مالی سال 2030-31 تک خام تیل کی پیداوار میں 68 فیصد اور قدرتی گیس کی فروخت میں 46 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے ترقیاتی کنوؤں کی کھدائی، موجودہ آئل و گیس فیلڈز میں پیداواری بہتری کے اقدامات، دباؤ برقرار رکھنے کے منصوبوں اور گیس کمپریشن کے بڑے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق او جی ڈی سی کا ہدف خام تیل کی پیداوار مالی سال 2025-26 میں یومیہ 36,013 بیرل سے بڑھا کر مالی سال 2030-31 تک یومیہ 60,384 بیرل تک پہنچانا ہے،اسی طرح قدرتی گیس کی فروخت اسی مدت کے دوران یومیہ 797 ملین معیاری مکعب فٹ سے بڑھ کر 1,167 ملین معیاری مکعب فٹ ہونے کی توقع ہے۔کمپنی کی پانچ سالہ حکمت عملی کے تحت 140 ترقیاتی کنوؤں کی کھدائی، رگ اور بغیر رگ کے 200 پیداواری مداخلتی اقدامات اور موجودہ آئل و گیس فیلڈز کی بحالی کے 19 منصوبوں پر عمل درآمد کا تصور پیش کیا گیا ہے۔اس حکمت عملی میں 10 نئے فیلڈز کی ترقی اور پہلے سے دریافت شدہ ذخائر کے منصوبے، دباؤ برقرار رکھنے اور تیل کی بازیافت میں اضافے کے 12 منصوبے اور سات موجودہ پیداواری پلانٹس کی توسیع بھی شامل ہے۔پیداواری تخمینوں کے مطابق خام تیل کی پیداوار مالی سال 2026-27 میں بڑھ کر یومیہ 41,076 بیرل، مالی سال 2027-28 میں 51,239 بیرل اور مالی سال 2028-29 میں 57,028 بیرل تک پہنچنے کی توقع ہے۔کمپنی کو توقع ہے کہ مالی سال 2029-30 میں خام تیل کی پیداوار یومیہ 59,747 بیرل تک پہنچ جائے گی جو مالی سال 2030-31 میں مزید بڑھ کر 60,384 بیرل یومیہ ہو جائے گی۔قدرتی گیس کی فروخت کے تخمینوں کے مطابق مالی سال 2026-27 میں یومیہ 764 ملین معیاری مکعب فٹ گیس فروخت ہونے کی توقع ہے جو مالی سال 2027-28 میں بڑھ کر 935 ملین معیاری مکعب فٹ اور مالی سال 2028-29 میں 1,125 ملین معیاری مکعب فٹ تک پہنچ جائے گی،اس کے بعد گیس کی فروخت مالی سال 2029-30 میں یومیہ 1,154 ملین معیاری مکعب فٹ اور مالی سال 2030-31 میں 1,167 ملین معیاری مکعب فٹ تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اپنے ترقیاتی پروگرام کے تحت او جی ڈی سی نے ترقیاتی اور گیس کمپریشن کے پانچ بڑے منصوبوں کی نشاندہی کی ہے جن میں سے دو پہلے ہی فعال کیے جا چکے ہیں جبکہ باقی تین منصوبوں کی تکمیل نومبر 2026 سے مارچ 2028 کے درمیان متوقع ہے،ان منصوبوں میں جھل مگسی، ڈھکنی فرنٹ اینڈ کمپریشن، اوچ کمپریشن، کے پی ڈی-ٹی اے وائی کمپریشن اور سنجھورو ڈویلپمنٹ فیز ٹو شامل ہیں۔جھل مگسی منصوبہ اگست 2025 میں فعال کیا گیا تھا، کمپنی کی پیشکش کے مطابق اس منصوبے سے منسلک پیداوار میں یومیہ 14 ملین معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس اور 45 بیرل خام تیل شامل ہیں۔ڈھکنی فرنٹ اینڈ کمپریشن منصوبہ فروری 2026 میں فعال کیا گیا تھا جس سے منسلک پیداواری اعدادوشمار کے مطابق یومیہ 100 بیرل تیل، 5 ملین مکعب فٹ معیاری قدرتی گیس اور 30 میٹرک ٹن سلفر کی پیداوار شامل ہے۔اوچ کمپریشن منصوبے کی تکمیل نومبر 2026 میں متوقع ہے، او جی ڈی سی کے مطابق یہ منصوبہ متعلقہ فیلڈ کی پیداوار کو مستحکم سطح پر برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔دوسری جانب کے پی ڈی-ٹی اے وائی کمپریشن منصوبے کی تکمیل دسمبر 2026 میں طے ہے، کمپنی کے مطابق اس منصوبے سے منسلک پیداوار میں یومیہ 750 بیرل کنڈینسیٹ، 50 ملین معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس اور 130 ٹن مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) شامل ہیں۔سنجھورو ڈویلپمنٹ فیز ٹو کی تکمیل مارچ 2028 میں متوقع ہے جس سے منسلک پیداواری اعدادوشمار میں یومیہ 27 ملین مکعب فٹ معیاری قدرتی گیس اور 30 ٹن ایل پی جی شامل ہیں ، کمپنی کی پیشکش میں پاکستان کے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں اس کی اہم حیثیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق او جی ڈی سی کا پاکستان کی خام تیل کی مجموعی پیداوار میں تقریباً 55 فیصد، قدرتی گیس کی پیداوار میں 28 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 35 فیصد حصہ ہے۔کمپنی کی پیشکش کے مطابق ملک کے تیل کے مجموعی ذخائر میں او جی ڈی سی کا حصہ 58 فیصد اور قدرتی گیس کے ذخائر میں 28 فیصد ہے۔تیل و گیس کی تلاش کے لیے کمپنی کے زیر انتظام رقبہ پاکستان میں تلاش کے لیے مختص مجموعی رقبے کا تقریباً 31 فیصد ہے جبکہ زلزلہ پیما سروے کے لیے ڈیٹا حاصل کرنے میں اس کا حصہ دو جہتی سروے میں 53 فیصد اور سہ جہتی سروے میں 34 فیصد ہے۔او جی ڈی سی کے پاس پیداوار کے 112 لیز حقوق ہیں جن میں 82 کمپنی کے اپنے زیر انتظام اور 30 دیگر اداروں کے زیر انتظام منصوبوں میں شراکتی حقوق شامل ہیں۔کمپنی کے مطابق اس کی موجودہ پیداوار تقریباً 40 ہزار بیرل خام تیل یومیہ، 815 ملین معیاری مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ اور 780 میٹرک ٹن ایل پی جی یومیہ ہے۔کمپنی نے مالی سال 2025-26 کے لیے تقریباً 1.6 ارب ڈالر کی خالص فروخت آمدن بھی رپورٹ کی ہے۔