ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے اٹلی کے ورک ویزے کے نام پر شہری کو لاکھوں روپے سے محروم کرنے والے مفرور ملزم راجہ وجاہت اقبال کو گرفتار کر لیا ہے
اٹلی کا ورک ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر 27 لاکھ روپے ہتھیا نے والا جعلساز گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے اٹلی کے ورک ویزے کے نام پر شہری کو لاکھوں روپے سے محروم کرنے والے مفرور ملزم راجہ وجاہت اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم راجہ وجاہت اقبال نے مدعی مقدمہ کی بیٹی کو اٹلی میں روزگار اور ورک ویزا دلانے کا جھانسہ دے کر 27 لاکھ 50 ہزار روپے کی خطیر رقم ہتھیا لی تھی۔ رقم وصولی کے بعد ملزم نے نہ تو ویزا فراہم کیا اور نہ ہی رقم واپس کی، بلکہ ٹال مٹول کے بعد روپوش ہو گیا۔ واقعے کا مقدمہ (نمبر 693/26) تھانہ ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی راولپنڈی میں درج کیا گیا تھا۔ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے سب انسپکٹر ظفر اقبال کی سربراہی میں چھاپہ مار کر ملزم کو دھر لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور ویزا فراڈ کے دیگر پہلوؤں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ بیرونِ ملک ملازمت یا ویزے کے حصول کے لیے غیر تصدیق شدہ ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں اور صرف مستند و قانونی ذرائع ہی استعمال کریں۔








