اپٹما وچین سٹورز ایسوسی ایشن کا پاکستانی برانڈز کی برآمدات کے فروغ کیلئے مشترکہ عزم

اپٹما اور چین سٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور تنوع پیدا کرنے کے لیے پاکستانی ٹیکسٹائل وملبوسات کے برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

لاہور۔4ستمبر (اے پی پی):اپٹما اور چین سٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) نے اس بات پر زور دیا ہے کہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور تنوع پیدا کرنے کے لیے پاکستانی ٹیکسٹائل وملبوسات کے برانڈز کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ترجمان کے مطابق یہ اتفاق رائے جمعہ کے روز چین اسٹورز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے اپٹما کے دورے کے موقع پر سامنے آیا۔چین سٹورز ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت سرپرستی طارق محبوب (رائل ٹیگ) نے کی جبکہ اپٹما آمد پر وفد کا استقبال چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے کیا۔ملاقات کے دوران اپٹما اور سی اے پی نے صنعت اور تجارت کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال اور اس امر کا جائزہ لیا کہ صرف مینوفیکچرنگ تک محدود رہنے کے بجائے مصنوعات کی تیاری، برانڈنگ، مارکیٹنگ اور ریٹیلنگ کے شعبوں میں پیش رفت کے ذریعے برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

دونوں تنظیموں نے اس مکالمے کو جاری رکھنے اور ویلیو ایڈڈ چین کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرتے ہوئے برآمدات کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ملاقات کے اختتام پر اپٹما اورسی اے پی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مینوفیکچررز وریٹیلرز کے درمیان قریبی تعاون نئی برآمدی راہداریوں کے قیام، نئی منڈیوں تک رسائی اور مضبوط پاکستانی برانڈز کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف برآمدات کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کے اندر برقرار رہنے والی معاشی قدر میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہو سکے گا۔