ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر دوست ممالک کے فضائی سربراہان کے ساتھ اہم سطح کی ملاقاتیں

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر دوست ممالک کے فضائی سربراہان کے ساتھ اہم سطح کی ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں جدید تربیت کے شعبے میں تعاون کے فروغ، ابھرتی ہوئی ایرو سپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور مؤثر آپریشنل ہم آہنگی کے لئے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔جمعرات کوآئی ایس …

راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر دوست ممالک کے فضائی سربراہان کے ساتھ اہم سطح کی ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں جدید تربیت کے شعبے میں تعاون کے فروغ، ابھرتی ہوئی ایرو سپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور مؤثر آپریشنل ہم آہنگی کے لئے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔جمعرات کوآئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران ایئر چیف نےانڈر سیکرٹری برائے دفاع متحدہ عرب امارات لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر ال علوی اورکمانڈر متحدہ عرب امارات کےائیر فورس و ائیر ڈیفنس کمانڈرمیجر جنرل راشد محمد الشمسی کے ساتھ تفصیلی گفتگو بھی کی۔

ان ملاقاتوں میں جدید تربیت کے شعبے میں تعاون کے فروغ، ابھرتی ہوئی ایرو سپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک اور مؤثر آپریشنل ہم آہنگی کے لئے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔ یو اے ای کی عسکری قیادت نے پاکستان ایئر فورس کی جدید کاری کی کوششوں اور بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں کو سراہا اور مشترکہ مشقوں، پیشہ وارانہ تبادلوں اورہمہ گیر شراکت داریوں کے ذریعے عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان ایئر فورس کا دستہ دبئی ایئر شو 2025 میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات میں ہے۔ اس دستے میں جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III اور معروف سپر مشاق ٹرینر طیارے شامل ہیں جو پاکستان کی مقامی عسکری فضائی صلاحیتوں میں بڑھتی ہوئی مہارت کو ظاہر کرتے ہیں۔ایونٹ کے دوران جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III توجہ کا مرکز رہا جس نے دفاعی تجزیہ کاروں، ہوا بازی کے ماہرین اور وزیٹرز کی گہری دلچسپی حاصل کی۔

اپنی جدید ترین ٹیکنالوجی، مضبوط جنگی صلاحیتوں اور معرکہ حق میں ثابت شدہ کارکردگی کے باعث اس طیارے نے ایک مؤثر اور کم لاگت ملٹی رول فائٹر کے طور پر اپنی شہرت کو مزید مستحکم کیا۔ پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعدد ممالک نے جے ایف-17 تھنڈر کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی۔ ایک اہم پیشرفت میں ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف-17 تھنڈر کی خریداری کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی اور صنعتی شراکت داریوں میں ایک اور نمایاں سنگ میل ہے۔

مزید خبریں