ایرانی وزیر تجارت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا ایف پی سی سی آئی کا دورہ، پاک ایران تجارتی تعاون کے فروغ پر زور

ایرانی وزیر تجارت کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا ایف پی سی سی آئی کا دورہ، پاک ایران تجارتی تعاون کے فروغ پر زور

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر تجارت محمد عطا بیک کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے ایف پی سی سی آئی پریزیڈنٹ سیکرٹیریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں وفد نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور پاکستان کی کاروباری برادری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے فروغ سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اور پاکستان دہائیوں نہیں بلکہ صدیوں سے دیرینہ دوست اور شراکت دار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بحران کے دوران حکومت پاکستان، کاروباری برادری اور پوری پاکستانی قوم نے ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ موجودہ حالات میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کا پاکستان کا دورہ انتہائی خوش آئند ہے جس کے دور رس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان طویل مشترکہ سرحد ہونے کے باوجود دونوں ممالک باہمی تجارت کی حقیقی صلاحیتوں سے مکمل استفادہ نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی معاشی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے، تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مزید موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی وزیر تجارت محمد عطا بیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی باصلاحیت کاروباری برادری سے انتہائی نتیجہ خیز ملاقات کر کے انہیں دلی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اس نوعیت کی اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا تسلسل ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک کو درپیش تجارتی مسائل کا فوری اور پائیدار حل نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف پڑوسی ممالک ہیں بلکہ ان کے تعلقات تاریخ، مذہب اور سماجی تعاون کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ان کے بقول اس اہم ملاقات میں دونوں ممالک کی کاروباری برادری کی جانب سے متعدد اہم تجاویز سامنے آئی ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

ایرانی وزیر تجارت نے جنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے اختیار کیے گئے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کی حمایت ایرانی عوام کے لیے باعث تقویت بنی۔ انہوں نے اس بات پر بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ مشکل حالات میں ٹریڈ ٹرانزٹ کی سہولت فراہم کر کے ایرانی تجارت کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو ہر سطح پر مزید فروغ دیں گے۔