ایز آف ڈوئنگ بزنس کو قومی معاشی پالیسی کا مرکزی ستون بنایا جائے، سردار طاہر محمود

سلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایز آف ڈوئنگ بزنس کو قومی معاشی پالیسی کا مرکزی ستون بنائیں، کاروبار دوست ماحول ہی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کی ضمانت ہے۔ وہ چیمبر ہائوس میں ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری کے وفد سے خطاب …

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے پالیسی سازوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایز آف ڈوئنگ بزنس کو قومی معاشی پالیسی کا مرکزی ستون بنائیں، کاروبار دوست ماحول ہی پائیدار اقتصادی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ کی ضمانت ہے۔ وہ چیمبر ہائوس میں ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری کے وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ایف بی آر، سی ڈی اے، اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ، آئیسکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجروں اور صنعتکاروں کی اجتماعی آواز ہے اور اس کا پختہ یقین ہے کہ باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے کیے گئے فیصلے ہی دیرپا اور موثر ثابت ہوتے ہیں۔ اس سے قبل چوہدری محمد عرفان، صدر ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن سٹیل مارکیٹ آئی ٹین تھری اور نائب صدر آئی سی سی آئی نے مارکیٹ کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سٹریٹ نمبر 4 اور 7 کے درمیان لنک برج تعمیر کرے تاکہ ٹریفک کی روانی اور آمدورفت بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے پہلے سے مختص پلاٹ پر تاجروں کو اپنی مدد آپ کے تحت ڈسپنسری قائم کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے سی ڈی اے کی جانب سے کمرشل پلاٹس میں بیسمنٹ تعمیر کرنے پر بھاری فیس عائد کرنے کے فیصلے پرتحفظات کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حاجی ظفر نے سٹیل فیبریکیٹرز کے باقی ماندہ پلاٹس کی جلد الاٹمنٹ کے لیے آئی سی سی آئی سے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے تجاوزات، سیوریج،سٹریٹ لائٹس اور خستہ حال انفراسٹرکچر کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں قائم عارضی جھونپڑیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے کیونکہ وہ علاقے کی سکیورٹی کے لیے مستقل خطرہ بن چکی ہیں۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، عمران منہاس، ذوالقرنین عباسی، آئی سی سی آئی کے اراکین اسرار مشوانی، چوہدری محمد ارشد، ساجد اقبال، میاں محمد عرفان، چوہدری مشتاق اور خوشی محمد سمیت تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔