خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے جاپان کی معروف کمپنی سومیٹومو کارپوریشن کے ساتھ پاکستان کے اعلیٰ صلاحیت کے حامل معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے،
ایس آئی ایف سی کا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے جاپانی کمپنی سومیٹومو کارپوریشن سے رابطہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) نے جاپان کی معروف کمپنی سومیٹومو کارپوریشن کے ساتھ پاکستان کے اعلیٰ صلاحیت کے حامل معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے، جس میں ایسے نئے منصوبے بھی شامل ہیں جن میں نمایاں سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔
ایس آئی ایف سی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سومیٹومو کارپوریشن جاپان کا ایک معروف عالمی تجارتی و سرمایہ کاری گروپ ہے، جس کا صدر دفتر ٹوکیو کے چیودا ضلع میں واقع ہے۔یہ رابطہ ایس آئی ایف سی کی جانب سے معروف بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے اہم اور اسٹریٹجک معاشی شعبوں سے منسلک کرنے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو تجارتی بنیادوں پر قابلِ عمل منصوبوں میں شمولیت کے لیے مواقع، متعلقہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے متعلق واضح معلومات فراہم کر رہا ہے۔پاکستان کے کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں تلاش، ترقی، ویلیو ایڈیشن اور ڈاؤن سٹریم صنعتی سرگرمیوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ایس آئی ایف سی اس شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے اور پاکستان کے معدنی وسائل کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بین الاقوامی روابط کو فعال طور پر فروغ دے رہا ہے۔مؤثر سرمایہ کاری سہولت کاری، خصوصی سکیورٹی انتظامات اور پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے ایس آئی ایف سی بین الاقوامی کاروباری اداروں کے لیے زیادہ قابلِ اعتماد، پیش گوئی کے قابل اور سرمایہ کاری دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔سومیٹومو کارپوریشن کے ساتھ یہ رابطہ پاکستان کے قدرتی وسائل میں بڑھتی ہوئی عالمی دلچسپی کا عکاس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایس آئی ایف سی کے اس کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور ان مواقع کو پائیدار اور تجارتی بنیادوں پر کامیاب منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔








