ایس آئی ایف سی کی رابطہ کاری سے کاروباری ضابطہ جاتی اصلاحات کے ملک گیر نفاذ کی جانب پیش رفت
ایس آئی ایف سی کی رابطہ کاری سے کاروباری ضابطہ جاتی اصلاحات کے ملک گیر نفاذ کی جانب پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):وزیرِاعظم کی رابطہ کمیٹی برائے کاروبار میں آسانی کا اجلاس اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) میں منعقد ہوا، جس میں کاروباری طریقۂ کار کو آسان بنانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی پروگرام کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔

ایس آئی ایف سی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیرِاعظم کے مشیربرائے صنعت و پیداوار ، ایس آئی ایف سی کی قیادت اور ضابطہ جاتی اصلاحات کی فنی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبوں اور علاقوں کو اصلاحاتی عمل میں شامل کرنے، اصلاحات پر مربوط انداز میں عمل درآمد اور آسان کاروبار بل کو ملک بھر میں نافذ کرنے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔مجوزہ اصلاحات کا مقصد کاروبار کے اندراج، اجازت ناموں کے حصول اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل کے طریقۂ کار کو آسان بنانا ہے۔
اس ضمن میں انتظامی کارروائیوں کو سادہ بنانے اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے، تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے زیادہ سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ایس آئی ایف سی وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور تعاون کو فروغ دینے میں معاونت فراہم کر رہی ہے، تاکہ پورے ملک میں کاروباری سہولت کاری اور ضابطہ جاتی اصلاحات کے لیے یکساں، شفاف اور سازگار نظام تشکیل دیا جا سکے۔
صوبوں اور علاقوں کی اصلاحاتی عمل میں شمولیت اس حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں کاروبار کرنے والے اداروں کے لیے طریقۂ کار میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے اس عزم کا عکاس ہے کہ کاروباری پیچیدگیوں کو کم کیا جائے، سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کی جائے اور نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جائیں۔
مربوط اصلاحاتی اقدامات سے کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے، جو پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔






