ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری میں تیزی

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی پنجاب حکومت، خصوصی اقتصادی زونز اتھارٹی پنجاب اور زون ڈویلپرز فیڈمک اور پائیڈمک کے ساتھ مسلسل رابطہ کاری اور موثر پیروی کے نتیجے میں پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں زیر التوا اراضی الاٹمنٹ اور دیگر منظوریوں کے معاملات کی کارروائی میں تیزی آئی ہے۔

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی پنجاب حکومت، خصوصی اقتصادی زونز اتھارٹی پنجاب اور زون ڈویلپرز فیڈمک اور پائیڈمک کے ساتھ مسلسل رابطہ کاری اور موثر پیروی کے نتیجے میں پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں زیر التوا اراضی الاٹمنٹ اور دیگر منظوریوں کے معاملات کی کارروائی میں تیزی آئی ہے۔ایس آ ئی ایف سی کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں 34 صنعتی اداروں کی درخواستوں کی منظوری دی گئی، جن کے ذریعے 76 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں جبکہ 7 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع متوقع ہیں۔سہولت کاری کے تحت آنے والے صنعتی منصوبوں میں ٹیکسٹائل، سیرامکس، کیمیکلز، زرعی پیداوار کی قدر افزائی اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔ صنعتی سرگرمیوں کا یہ تنوع پنجاب میں ویلیو ایڈڈ پیداوار، صنعتی تنوع اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کی وسیع گنجائش کو اجاگر کرتا ہے۔ایس آئی ایف سی پنجاب حکومت اور خصوصی اقتصادی زونز اتھارٹی پنجاب کے ساتھ مسلسل رابطے کے علاوہ فیڈمک اور پائیڈمک کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاروں کی درخواستوں پر پیش رفت تیز کرنے اور زیر التوا امور کے بروقت حل میں معاونت کر رہی ہے۔اس مربوط طریقہ کار کے نتیجے میں اراضی کی الاٹمنٹ، منظوریوں اور دیگر متعلقہ امور میں تاخیر کم کرنے اور سرمایہ کاری کے ارادے کو عملی صنعتی سرگرمی میں تبدیل کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی کا سہولت کاری نظام متعلقہ اداروں کے ساتھ سرمایہ کاروں کے معاملات کی مسلسل پیروی اور صنعتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے موثر حل پر مرکوز ہے۔ستمبر میں حاصل ہونے والی پیش رفت ادارہ جاتی رابطہ کاری کے ذریعے سرمایہ کاری تجاویز کو عملی صنعتی مواقع میں تبدیل کرنے کی موثر مثال ہے۔ 34 صنعتی درخواستوں کی منظوری، 76 ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری اور 7 ہزار سے زائد ممکنہ روزگار پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعتی سرگرمیوں اور نجی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے امکانات کی عکاسی کرتے ہیں۔ایس آئی ایف سی صوبائی حکومتوں، خصوصی اقتصادی زونز کے متعلقہ اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کے عزم پر کاربند ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں قدر افزا صنعتی منصوبے تیزی سے قائم کر سکیں۔