ایس آئی ایف سی کے پاک پرتگال سرمایہ کاری تعاون کیلئے اقدامات

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)نے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومنگیوس کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل، زراعت، معلومات و مواصلاتی ٹیکنالوجی، ادویہ سازی اور خصوصی اقتصادی علاقوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)نے پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومنگیوس کی میزبانی کرتے ہوئے پاکستان اور پرتگال کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل، زراعت، معلومات و مواصلاتی ٹیکنالوجی، ادویہ سازی اور خصوصی اقتصادی علاقوں سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

ایس آئی ایف سی نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع، ترجیحی شعبوں اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اختیار کیے گئے مربوط طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ایس آئی ایف سی نے واضح کیا کہ سرمایہ کاروں کو مربوط اور مؤثر سہولت فراہم کرنا اس کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ کونسل متعلقہ وفاقی، صوبائی اور شعبہ جاتی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو موزوں مواقع تک رسائی اور سرمایہ کاری کے عمل میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔ملاقات میں سیا لکوٹ میں پرتگال کے معروف فٹ بال کلب ایف سی پورٹو کی ڈریگن فورس اکیڈمی کے قیام کو بھی سراہا گیا، جو فارورڈ اسپورٹس کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے۔

یہ پاکستان میں یورپی فٹ بال کلب کی پہلی ڈریگن فورس اکیڈمی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں، کاروباری روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کی ایک مثبت مثال ہے۔ایس آئی ایف سی نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان باہمی طور پر مفید سرمایہ کاری شراکت داری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کونسل بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں موجود مواقع سے جوڑنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط سہولت کاری جاری رکھے گی۔

کونسل کا مقصد بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو اجاگر کرنا، کاروباری روابط کو وسعت دینا اور پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔