ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکسین واپڈا لورالائی، علماء کرام، ہزارہ برادری کے نمائندگان، انجمن تاجران کے ضلعی عہدیداران، میونسپل کمیٹی کے حکام، پولیس افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی
ایس ایس پی لورالائی کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے اجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکسین واپڈا لورالائی، علماء کرام، ہزارہ برادری کے نمائندگان، انجمن تاجران کے ضلعی عہدیداران، میونسپل کمیٹی کے حکام، پولیس افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ پلان، رضاکاروں کے کردار، حساس مقامات کی نگرانی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی رسومات کا پرامن انعقاد ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے علماء کرام، ہزارہ برادری، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں اور غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں سے گریز کریں۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے لیے مرتب کیے گئے جامع سیکیورٹی پلان پر بھی غور کیا گیا جس کے تحت حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔ متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور محرم الحرام کی مذہبی رسومات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے خصوصی اقدامات کریں گے، جبکہ ہنگامی طبی امداد اور ریسکیو سروسز کو بھی الرٹ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔








