ایس ای سی پی میں مئی میں 3,161 نئی رجسٹریشنز، ایک دن میں ریکارڈ 415 کمپنیوں کا اندراج

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مئی 2026ء کے دوران 3,161 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں جو عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث کام کے دن کم ہونے کے باوجود ملک کے کارپوریٹ سیکٹر میں مسلسل ترقی اور بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ 99.9 فیصد کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے ساتھ پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 297,239 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مئی 2026ء کے دوران 3,161 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں جو عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے باعث کام کے دن کم ہونے کے باوجود ملک کے کارپوریٹ سیکٹر میں مسلسل ترقی اور بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ 99.9 فیصد کمپنیوں کی آن لائن رجسٹریشن کے ساتھ پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی کل تعداد 297,239 تک پہنچ گئی ہے۔

خاص طور پر اس مہینے کے دوران ایس ای سی پی نے ایک ہی دن میں 415 نئی کمپنیوں کا اندراج کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کیا جو کمیشن کی تاریخ میں ایک دن میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ یہ غیر معمولی کامیابی کارپوریٹائزیشن کی طرف بڑھتے ہوئے رجحان، کاروبار کرنے میں آسانی اور ایس ای سی پی کے آسان رجسٹریشن فریم ورک کی تاثیر کو ظاہر کرتی ہے جو کاروباری افراد اور کمپنیوں کو اپنے کام کو موثر اور آسان طریقے سے قانونی دائرہ کار میں لانے کے قابل بنا رہا ہے۔

جغرافیائی لحاظ سے پنجاب کاروباری سرگرمیوں کا مرکز رہا جہاں 1,643 (52 فیصد) نئی رجسٹریشنز ہوئیں۔ اس کے بعد بالترتیب اسلام آباد 596 (19 فیصد)، سندھ 479 (15 فیصد)، خیبر پختونخوا 260 (8 فیصد) ، گلگت بلتستان 112 (4 فیصد) اور بلوچستان 71 (2 فیصد) کے ساتھ شامل رہے۔کمپنیوں کو قانونی شکل دینے کا رجحان کارپوریٹ ڈھانچے کے انتخاب سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے جس میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں سب سے پسندیدہ انتخاب رہیں جن کی تعداد 1,884 (60 فیصد) رہی۔ اس کے بعد سنگل ممبر کمپنیاں رہیں جن کی رجسٹریشنز 1,212 (38 فیصد) رہیں جبکہ لمیٹڈ لائبلٹی پارٹنرشپس اور دیگر کیٹیگریز میں بقیہ 65 (2 فیصد) کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ سنگل ممبر کمپنیوں کا یہ اعلیٰ تناسب ملک بھر میں انفرادی کاروبار (انٹرپرینیورشپ) کے بڑھتے ہوئے رجحان اور چھوٹے پیمانے کے کاروباروں کے کامیاب اندراج کو ظاہر کرتی ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کا شعبہ کارپوریٹ ترقی کا بنیادی انجن بنا ہوا ہے جس نے 598 نئے اندراجات کے ساتھ ماہانہ رجسٹریشنز میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے کارپوریٹ منظر نامے میں وسیع تنوع دیگر اہم صنعتوں کی بہترین کارکردگی سے بھی عیاں ہے جس میں ٹریڈنگ کی 503، سروسز کی 404، اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن کی 303 کمپنیاں شامل ہیں۔ مزید برآں سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے نے 206 نئی کمپنیوں کے ساتھ نمایاں سرگرمی دکھائی جو معیشت کے متعدد حصوں میں ہمہ جہت پھیلائو کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کے ریگولیٹری ماحول پر بین الاقوامی اعتماد میں مئی 2026ء کے دوران بھی مسلسل اضافہ دیکھا گیا جہاں 17 ممالک کی جانب سے 80 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ چین 89 شیئر ہولڈرز کے ساتھ سرکردہ غیر ملکی سرمایہ کار کے طور پر ابھرا جس کے بعد افغانستان کے 5، امریکہ کے 3 اور بیلجیم، روس اور جنوبی کوریا کے 2، 2 شیئر ہولڈرز شامل ہیں۔ اس عالمی دلچسپی کے نتیجے میں نمایاں سرمایہ بھی ملک میں آیا جہاں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کل 139.4 ملین روپے کا پیڈ اپ کیپیٹل فراہم کیا۔ اس میں سب سے بڑا حصہ چینی سرمایہ کاروں کا تھا، جو کہ 132.3 ملین روپے رہا۔