سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے آئی پی او کے پراسپیکٹس کے اجراء اور اشاعت کی منظوری دے دی ہے۔فروری 2026ء میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد سے ایس ای سی پی نے آئی پی او کی منظوریوں میں تیزی لائی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 10 آئی پی اوز مارکیٹ میں آ چکے ہیں۔
ایس ای سی پی نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کا آئی پی او منظور کر لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ کے آئی پی او کے پراسپیکٹس کے اجراء اور اشاعت کی منظوری دے دی ہے۔فروری 2026ء میں نئی انتظامیہ کے آنے کے بعد سے ایس ای سی پی نے آئی پی او کی منظوریوں میں تیزی لائی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 10 آئی پی اوز مارکیٹ میں آ چکے ہیں۔ یہ مالی سال 27 ۔ 2026 کا پہلا منظور شدہ آئی پی او ہے۔تصدیق انفارمیشن سروسز لمیٹڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان سے لائسنس یافتہ ایک کریڈٹ بیورو ہے جو انفرادی اور کاروباری قرض داروں کی کریڈٹ معلومات جمع کر کے اپنے رکن اداروں کو فراہم کرتی ہے تاکہ قرض کے فیصلے بہتر انداز میں کیے جا سکیں۔
کمپنی مجموعی طور پر 21 کروڑ 90 لاکھ عام حصص پیش کر رہی ہے۔ ان میں سے 6 کروڑ 90 لاکھ حصص پری-آئی پی او سرمایہ کاروں کو دیئے جائیں گے جبکہ 15 کروڑ حصص (پوسٹ-آئی پی او سرمائے کا 15.79 فیصد) آئی پی او کے ذریعے پیش کیے جائیں گے۔ یہ آئی پی او بک بلڈنگ کے طریقہ کار کے تحت ہو گا جس میں 75 فیصد حصص ادارہ جاتی اور بڑے سرمایہ کاروں کو اور 25 فیصد عام (ریٹیل) سرمایہ کاروں کو ملیں گے۔یہ منظوری ظاہر کرتی ہے کہ ایس ای سی پی کا ریگولیٹری نظام شفافیت اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے سرمائے کی تشکیل میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔
سادہ تقاضوں، تیز منظوریوں اور زیادہ ڈیجیٹلائزیشن جیسی حالیہ اصلاحات نے کمپنیوں کے لیے پبلک لسٹنگ کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے۔ایس ای سی پی مارکیٹ شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں آئی پی او روڈ شوز کا انعقاد بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کمپنیوں کو عوامی لسٹنگ کے فوائد سے آگاہ کیا جا سکے۔








