ایس ای سی پی نے کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ میں اصلاحات کے لیے سروے شروع کر دیا

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ کے ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانے اور ڈیبٹ مارکیٹ کو زیادہ فعال اور موثر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروانے کے پیش نظر، مارکیٹ کے شرکا سے آراء حاصل کر کے سروے شروع کیے ہیں۔

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں کارپوریٹ ڈیبٹ مارکیٹ کے ریگولیٹری فریم ورک کو بہتر بنانے اور ڈیبٹ مارکیٹ کو زیادہ فعال اور موثر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کروانے کے پیش نظر، مارکیٹ کے شرکا سے آراء حاصل کر کے سروے شروع کیے ہیں۔ان سرویز کے ذریعے مارکیٹ میں دستیاب مختلف ڈیبٹ پراڈکٹ کے بارے میں موجود آگاہی ، قرض کے اجراء اور لسٹنگ کے مسائل کو جانچنا اور کریڈٹ ریٹنگ کے عمل کی موثریت کا تجزیہ کرنا ہے۔ ان سروے کا مقصد ڈیٹ مارکیٹ میں موجود اہم رکاوٹوں کی نشاندہی اور بہتری کی تجاویز حاصل کرنا ہے۔

یہ سرویز میں ڈیٹ مارکیٹ میں دستیاب پراڈکٹ کے بارے میں آگاہی سروے ، قرض کے اجراء اور لسٹنگ کے تجربات سے متعلق آراء کے حصول کے لیے تجربہ سروے اور کریڈٹ ریٹنگ کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے کریڈٹ ریٹنگ سروے کیا جا رہا ہے۔ان سرویز میں لسٹڈ کمپنیاں، صنعت سے وابستہ افراد اور کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیاں شریک ہوں گی۔ موصول ہونے والی آراء سے ایس ای سی پی کو مارکیٹ میں لیکویڈیٹی بڑھانے، کارپوریٹ فنانسنگ تک رسائی بہتر بنانے اور قرضہ جاتی آلات کو جاری کنندگان اور سرمایہ کاروں کے لیے زیادہ پرکشش بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ اقدام ایس ای سی پی کے شفافیت، شمولیت اور مسلسل بہتری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ حاصل ہونے والی آراء ایک زیادہ موثر، عملی اور ڈیٹا پر مبنی ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گی۔تمام سٹیک ہولڈرز کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ ان سرویز میں حصہ لیں اور اپنی آراء فراہم کریں۔