سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ملک میں ای ٹی ایف کی مارکیٹ کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی فراہمی، اخراجات میں کمی اور سرمایہ کاروں کو آسان طریقے فراہم کرنا ہے
ایس ای سی پی کا ای ٹی ایف مارکیٹ کی بہتری کے لیے نئے روڈ میپ کا اعلان، سرمایہ کار اب براہ راست خریداری کر سکیں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ملک میں ای ٹی ایف کی مارکیٹ کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی فراہمی، اخراجات میں کمی اور سرمایہ کاروں کو آسان طریقے فراہم کرنا ہے ۔ اس نئے فریم ورک کے تحت ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں اب روایتی سٹاک بروکرز کی مدد کے بغیر براہ راست سرمایہ کاروں کو ای ٹی ایف فروخت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بروکریج اکائونٹس بھی کھول سکیں گی ۔
مزید برآں ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اپنی مینجمنٹ فیس کا ایک حصہ ان بروکرز کے ساتھ بانٹنے کی اجازت دی جائے گی جو ان فنڈز کی تقسیم میں مدد کریں گے تاکہ سرمایہ کاروں کے اخراجات مزید کم ہوں اور مارکیٹ کی رسائی بڑھے ۔یہ روڈ میپ جو پاکستان سٹاک ایکسچینج، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان، بروکرز اور ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے مشورے سے تیار کیا گیا ہے، مختلف مراحل میں نافذ کیا جائے گا ۔ اس منصوبے کی ایک اہم خاصیت یہ ہے کہ پہلی بار سکیورٹیز بروکرز کو خود ای ٹی ایف لانچ کرنے اور ان کا انتظام سنبھالنے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ مارکیٹ میں مصنوعات کی اقسام میں اضافہ ہو اور انتظام کے مہنگے ڈھانچوں کو کم کیا جا سکے ۔
اس کے علاوہ والنٹری پینشن سسٹم میں انڈیکس ٹریکر فنڈز اور ای ٹی ایف جیسے کم فیس والے آپشنز بھی شامل کیے جائیں گے ۔ان تبدیلیوں کو کامیاب بنانے کے لیے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کی آگاہی کی مہم بھی چلائی جائے گی ۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے سرمایہ کاری کی شفاف اور کم لاگت مصنوعات کو فروغ دے کر پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کو مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا ہے ۔ توقع ہے کہ ای ٹی ایف مارکیٹ کی اس ترقی سے مارکیٹ میں گہرائی آئے گی، سرمائے کی روانی میں بہتری ہوگی اور عام و ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھے گی ۔
اس سلسلے میں عملدرآمد کی ضروری ہدایات پاکستان سٹاک ایکسچینج، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان، بروکرز اور ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو جاری کر دی گئی ہیں ۔








