اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے لیے بینک اکائونٹس کھولنے کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کیلئے عسکری بینک لمیٹڈ اور نیا پے (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔اس نئے نظام کے تحت جیسے ہی کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹر ہوگی، اس کے ڈائریکٹرز کو آن لائن …
ایس ای سی پی کا نئی کمپنیوں کے آن لائن بینک اکائونٹس کھولنے کیلئے عسکری بینک اور نیا پے کے ساتھ معاہدہ
اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے لیے بینک اکائونٹس کھولنے کے عمل کو آسان اور تیز بنانے کیلئے عسکری بینک لمیٹڈ اور نیا پے (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔اس نئے نظام کے تحت جیسے ہی کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹر ہوگی، اس کے ڈائریکٹرز کو آن لائن بینک اکائونٹ کھولنے کی سہولت دستیاب ہو جائے گی۔ کمپنیاں اپنی پسند کے بینک کا انتخاب کر کے آن لائن ہی بینک اکائونٹ کھول سکیں گی۔نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کے لیے آن لائن بینک اکائونٹ کھولنے کی سہولت اب عسکری بینک، نیا پے، موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، ایزی پیسہ بینک لمیٹڈ، مشرق بینک اور رقمی اسلامی ڈیجیٹل بینک لمیٹڈ کے ذریعے دستیاب ہے۔اس مقصد کے لیے ایس ای سی پی کے ڈیجیٹل ڈیٹا کو ان بینکوں کے سسٹم کے ساتھ محفوظ طریقے سے انٹیگریٹ کر دیا گیا ہے۔ جب کوئی کمپنی آن لائن درخواست دے گی تو متعلقہ بینک براہ راست ایس ای سی پی کے ڈیٹا سے کمپنی کے کوائف کی فوری تصدیق کرے گا اور بینک اکائونٹ کھول دے گا۔ کمپنی کو نہ تو اضافی دستاویزات جمع کروانے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی بینک جانے کی۔
عسکری بینک اور نیا پے کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی تقریب ایس ای سی پی کے صدر دفتر اسلام آباد میں ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت پر ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا، عسکری بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ شیخ راشد رئوف اور نیا پے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانش احمد لاکھانی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر چیئرپرسن ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، عسکری بینک کے صدر ضیاء اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر چیئرپرسن ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ ملک میں بہتر کاروباری ماحول کے لیے ریگولیٹر اور مالیاتی اداروں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی اپنے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا رہا ہے تاکہ کاروبار شروع کرنے میں رکاوٹیں کم ہوں، شفافیت بڑھے اور مالی شمولیت کو فروغ ملے۔عسکری بینک اور نیا پے کے حکام نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف اکائونٹ کھولنے کا عمل آسان ہوگا بلکہ قرضوں کی فراہمی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں بھی بہتری آئے گی۔
یہ اقدام کمپنیوں کو رجسٹریشن کے بعد جلد کام شروع کرنے میں مدد دے گا، بینکوں اور مالیاتی منڈی کے درمیان روابط کو مضبوط کرے گا اور پاکستان میں ایک شفاف اور موثر کاروباری ماحول کو فروغ دے گا۔









