اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اپنے ’’جمع پونجی‘‘ انویسٹر آگاہی پروگرام کے تحت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) اسلام آباد کے طلباء کے لئے مالیاتی منصوبہ بندی اور باخبر مالیاتی فیصلے سازی کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔اس سیشن کا مقصد طلباء میں مالیاتی خواندگی کو فروغ دینا اور انہیں عملی معلومات سے لیس کرنا …
ایس ای سی پی کا ’’پائیڈ‘‘ میں مالیاتی منصوبہ بندی اور باخبر مالیاتی فیصلہ سازی بارے آگاہی سیشن کا انعقاد
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اپنے ’’جمع پونجی‘‘ انویسٹر آگاہی پروگرام کے تحت پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) اسلام آباد کے طلباء کے لئے مالیاتی منصوبہ بندی اور باخبر مالیاتی فیصلے سازی کے حوالے سے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔اس سیشن کا مقصد طلباء میں مالیاتی خواندگی کو فروغ دینا اور انہیں عملی معلومات سے لیس کرنا تھا تاکہ وہ باخبر مالیاتی فیصلے کر سکیں اور خود کو سرمایہ کاری کی دھوکہ دہی پر مبنی سکیموں سے محفوظ رکھ سکیں۔
طلباء کی ایک بڑی تعداد نے اس انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔سیشن کے دوران ایس ای سی پی کے نمائندے نے کم عمری میں مالیاتی منصوبہ بندی، بجٹ سازی، بچت اور سرمایہ کاری کے فیصلوں میں ‘رسک اور ریٹرن’ کے توازن کو سمجھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ طلباء کو ‘پونزی’ اور ‘پیرامڈ’ سکیموں کی عمومی علامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا جن میں ضمانت شدہ زیادہ منافع کے وعدے، دباؤ کے ہتھکنڈے اور غیر رجسٹرڈ اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی پیشکشیں شامل ہیں۔
شرکاء کو ایس ای سی پی کے پاس رجسٹرڈ کمپنیوں کی تصدیق کرنے اور کمیشن کے شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کے بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی گئی۔سیشن کا اختتام سوال و جواب کے ایک سیشن پر ہواجس میں کیپٹل مارکیٹ، ڈیجیٹل فنانس اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے طریقہ کار میں طلباء کی گہری دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ایس ای سی پی کے عہدیدار نے اس بات پر زور دیا کہ کمیشن ملک بھر میں مالیاتی خواندگی اور سرمایہ کاروں کی آگاہی کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مالیاتی علم سے بااختیار بنانا ایک شفاف، مستحکم اور جامع مالیاتی نظام کی تشکیل کے لئے ناگزیر ہے۔ایس ای سی پی نے اس سیشن کے انعقاد اور طلباء میں مالیاتی تعلیم کے فروغ میں تعاون پر ‘پائیڈ’ کا شکریہ ادا کیا۔









