اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ماحول دوست پالیسیاں اپنانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ای ایس جی یعنی ماحولیاتی، سماجی اور گورننس میوچل فنڈز کے اجراء کی تجویز دی ہے، ای ایس جی میوچل فنڈز کے اجراء کا تجویز کردہ پیپر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر سٹیک ہولڈروں کی آراء کے لئے جاری …
ایس ای سی پی کی سرمایہ کاری کے لئے ای ایس جی میوچل فنڈز متعارف کرانے کی تجویز
اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے ماحول دوست پالیسیاں اپنانے والی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے ای ایس جی یعنی ماحولیاتی، سماجی اور گورننس میوچل فنڈز کے اجراء کی تجویز دی ہے، ای ایس جی میوچل فنڈز کے اجراء کا تجویز کردہ پیپر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر سٹیک ہولڈروں کی آراء کے لئے جاری کر دیاگیا ہے۔ مجوزہ ای ایس جی میوچل فنڈز ، سرمایہ کاروں کے انویسٹ کردہ فنڈز کا 70 فیصد ایسے کاروبار، لسٹڈ کمپنیوں اور منصوبوں میں انویسٹ کریں گے جو ماحولیاتی، سماجی اور گورننس کے اعلیٰ معیار پر پورا اترتے ہوں۔
ای ایس جی فنڈز بچتوں کو ماحول دوست سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے، پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کو عالمی معیارات کے مطابق مستحکم بنانے میں معاون ہوں گے۔ای ایس جی منڈز کی تجویز ایس ای سی پی کے جامع ماحول دوست ریگولیٹری روڈ میپ کا تسلسل ہے جس کا مقصد کمپنیوں میں گورننس ، شفافیت اور ذمہ دار کاروباری رویوں کو فروغ دینا ہے۔ ایس ای سی پی کارپوریٹ سیکٹر میں ای ایس جی فریم ورک کو فروغ دینے کے لئے ای ایس جی ڈسکلوژر گائیڈ لائنز اور ای ایس جی رپورٹنگ معیارات کا اجرا ء کر چکا ہے۔
ای ایس جی میوچل فنڈز کے لئے ایک واضح اور باقاعدہ فریم ورک تجویز کیا گیا ہے۔اس فریم ورک میں بہتر گورننس کے معیارات کی حامل کمپنیوں ، فنڈز کی سرمایہ کاری میں شفافیت اور ماحول دوست منصوبوں کی نشاندہی اور گرین واشنگ کی روک تھام کے لئے گائیڈ لائنز دی گئی ہیں۔ایکویٹی پر مبنی ای ایس جی فنڈز کی سرمایہ کاری پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے مجوزہ سسٹین یبلیٹی انڈیکس سے ہم آہنگ ہوگی۔
اس انڈیکس کے اجراء تک ایسٹ منیجرز اپنے فنڈز کے داخلی ای ایس جی معیارات کا جائزہ پیش کریں گے جبکہ ڈیٹ فنڈز کو پاکستان کی گرین ٹیکسانومی اور ایس ای سی پی گائیڈ لائنز کے مطابق گرین، سماجی اور سسٹین یبلیٹی سے منسلک فنانشل پراڈکٹ میں انویسٹ کیا جا سکے گا۔ ای ایس جی میوچل فنڈز کا کانسپٹ پیپر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دیا گیا ہے اور سٹیک ہولڈرز 21 اپریل 2026 تک اپنی آرادے سکتے ہیں۔









