سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے تحت پاکستان میں کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جہاں سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا
ایس ای سی پی کے تحت کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری ،سرمایہ کاری و نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے، مسرت جبین

مزید خبریں
اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے تحت پاکستان میں کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جہاں سرمایہ کاری اور نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین کے مطابق ایس ای سی پی سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے اہم اصلاحات پر کام کر رہی ہے تاکہ مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فروری سے اپریل 2026 کے دوران 10 ہزار 511 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے، یہ پیش رفت ملک میں کاروباری اعتماد اور سرمایہ کاری کے بہتر ہوتے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی ماہ کے دوران 4 ہزار 82 کمپنیوں کی ریکارڈ رجسٹریشن بھی مکمل کی گئی،22 سے زائد ممالک کے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیاں قائم کیں جبکہ 220 غیر ملکی شیئر ہولڈنگ کمپنیوں کا ادا شدہ سرمایہ بڑھ کر 882 ملین روپے تک پہنچ گیا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 218 فیصد زیادہ ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سی ای او فرخ سبزواری نے کہا کہ ایس ای سی پی کی مؤثر نگرانی کے باعث لسٹنگ پائپ لائن مضبوط ہو رہی ہے اور آئندہ 12 ماہ کے دوران 10 سے 12 آئی پی اوز متوقع ہیں۔اسی طرح سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے سی ای او بدیع الدین اکبر کے مطابق پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ ایشیا اور دنیا کی بہترین کارکردگی دکھانے والی مارکیٹس میں شامل ہو چکی ہے، آئندہ دو سے تین برسوں میں 25 لاکھ سرمایہ کاروں کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری، کمپنی رجسٹریشن اور مالیاتی سرگرمیوں میں یہ تیزی معیشت کی ڈیجیٹل تبدیلی، کاروباری آسانیوں اور پائیدار اقتصادی ترقی کی واضح علامت قرار دی جا رہی ہے۔








