ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن پر کام جلد شروع ہو گا، موجودہ حکومت نے ریلوے کی 2 لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے، محمد حنیف عباسی

وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن پر کام جلد شروع ہو گا، موجودہ حکومت نے ریلوے کی دو لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اﷲ، نثار احمد جٹ، پیر فضل شاہ اور سید رفیع اﷲ شاہ کے …

اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن پر کام جلد شروع ہو گا، موجودہ حکومت نے ریلوے کی دو لاکھ ایکڑ اراضی واگزار کرائی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اﷲ، نثار احمد جٹ، پیر فضل شاہ اور سید رفیع اﷲ شاہ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے ٹریک کے دیرینہ مسائل ہیں کیونکہ یہ بہت پرانا ہے، موجودہ حکومت ریلوے لائن کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کراچی سے روہڑی تک ریلوے لائن پر کام جلد شروع ہو گا، یہ ایم ایل ون منصوبے کا حصہ ہے، روہڑی سے ملتان تک ریلوے لائن بچھانے پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علاوہ سکھر، کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت تمام شہروں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری ہے، ریلوے کی دو لاکھ ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے، سرکاری و نجی شعبوں سے ریلوے کی تمام اراضی واگزار کرائیں گے۔