ایشین بزنس فورم پاکستان چیپٹر کے ذریعے پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان تجارتی، صنعتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا، فہمیدہ کوثر جمالی

ایشین بزنس فورم پاکستان چیپٹر کی چیئرپرسن فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا ہے کہ ایشین بزنس فورم ایک عالمی سطح کا متحرک اور مؤثر پلیٹ فارم ہے جو دنیا کے 54 ممالک میں کاروباری، تجارتی، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے

کوئٹہ۔ 09 جون (اے پی پی):ایشین بزنس فورم پاکستان چیپٹر کی چیئرپرسن فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا ہے کہ ایشین بزنس فورم ایک عالمی سطح کا متحرک اور مؤثر پلیٹ فارم ہے جو دنیا کے 54 ممالک میں کاروباری، تجارتی، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ فورم کے ساتھ مختلف ممالک کے ممتاز کاروباری، سماجی اور سیاسی رہنما بطور چیئرپرسن اور نمائندگان وابستہ ہیں جو بین الاقوامی سطح پر تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ منگل کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا کہ ایشین بزنس فورم پاکستان چیپٹر کے ذریعے پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان تجارتی، صنعتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورم خصوصی طور پر پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں عالمی سطح پر متعارف کرانے اور کاروباری مواقع تک رسائی فراہم کرنے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے اور ایشین بزنس فورم نوجوان نسل کو جدید کاروباری رجحانات، بین الاقوامی مارکیٹوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور عالمی نیٹ ورکنگ سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ نوجوان معاشی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔فہمیدہ کوثر جمالی، جو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کی سابق نائب صدر، ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی بانی، معروف کاروباری شخصیت، سماجی و سیاسی رہنما اور ’’اسپائس ورلڈ بائے جمالی‘‘ کی سربراہ ہیں، نے کہا کہ فورم مرد و خواتین دونوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرتا ہے اور نوجوان کاروباری افراد، صنعتکاروں، تاجروں، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پیشہ ور افراد کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیتا ہے۔انہوں نے ایشین بزنس فورم کے بانی و پیٹرن اِن چیف ڈاکٹر خرم شہزاد اور گلوبل پریزیڈنٹ یاسر بخاری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی وژنری قیادت، انتھک محنت اور بین الاقوامی روابط کے باعث ایشین بزنس فورم ایک مضبوط عالمی نیٹ ورک کی شکل اختیار کر چکا ہے جو دنیا بھر کے کاروباری، صنعتی اور سماجی شعبوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر رہا ہے۔فہمیدہ کوثر جمالی نے کہا، "میں ڈاکٹر خرم شہزاد اور یاسر بخاری کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پاکستان کی سطح پر اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا۔ میں اپنی تمام تر صلاحیتوں، تجربے اور توانائی کو بروئے کار لاتے ہوئے فورم کے مقاصد کے حصول، پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، نوجوانوں کی رہنمائی اور ملکی کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ فورم کے پلیٹ فارم سے امپورٹ، ایکسپورٹ، بین الاقوامی تجارت، بزنس نیٹ ورکنگ، سرمایہ کاری کانفرنسز، تجارتی نمائشوں، کاروباری سیمینارز، بزنس ایونٹس اور اقتصادی تعاون کے مختلف منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کی کاروباری برادری کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو اور ملکی معیشت مزید مستحکم ہو سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایشین بزنس فورم پاکستان چیپٹر ملکی و بین الاقوامی سطح پر کاروباری روابط کے فروغ، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، نوجوانوں کی رہنمائی، خواتین کی معاشی خودمختاری، سماجی و اقتصادی ترقی اور پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے مؤثر، فعال اور نتیجہ خیز کردار ادا کرتا رہے گا۔