ایف آئی اے اسلام آباد زون کی سوشل میڈیا پر جعلی پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبیہ

ایف آئی اے اسلام آباد زون کی سوشل میڈیا پر جعلی پیجز کے خلاف قانونی کارروائی کی تنبیہ

اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے خبردار کیا ہے کہ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ایجنسی کے نام، شناخت یا لوگو کا استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جعلی پیجز اور اکاؤنٹس بنانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اتوار کو ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ کچھ افراد مبینہ طور پر ایف آئی اے اسلام آباد زون کا روپ دھار کر اور اس کی شناخت کا غیر مجاز استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جعلی پیجز اور اکاؤنٹس چلا رہے تھے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کا کہنا ہے کہ جو بھی شخص جعلی پیجز یا اکاؤنٹس بنا کر شہریوں کو گمراہ کرتے، غلط معلومات پھیلاتے یا بغیر اجازت ایف آئی اے کی شناخت استعمال کرتے ہوئے پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ایف آئی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ایجنسی سے متعلقہ سرکاری پریس ریلیز، اہم اعلانات، خبروں اور دیگر تصدیق شدہ معلومات کے لیے صرف "FIA Islamabad Zone ICT” کے نام سے موجود آفیشل فیس بک پیج کو فالو کریں۔

ایجنسی نے عوام کو خبردار کیا کہ ایف آئی اے اسلام آباد زون کے نام سے چلنے والے کسی بھی غیر سرکاری یا جعلی پیج یا اکاؤنٹ کو سرکاری ذریعہ نہ سمجھیں۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک یا جعلی سوشل میڈیا پیج کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں اور غیر تصدیق شدہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔ایف آئی اے اسلام آباد زون نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ شہری مستند معلومات اور پریس ریلیز کے لیے صرف ایف آئی اے کے آفیشل فیس بک پیج پر انحصار کریں۔