ایف آئی اے ملتان زون کا انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار

ملتان۔ 23 نومبر (اے پی پی):ایف آئی اے ملتان زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ابرار رشید، محمد ساجد، رائے محمد انور، اظہر الدین اور محمد سجاد شامل ہیں، جنہیں ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور لیہ کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا …

ملتان۔ 23 نومبر (اے پی پی):ایف آئی اے ملتان زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں ابرار رشید، محمد ساجد، رائے محمد انور، اظہر الدین اور محمد سجاد شامل ہیں، جنہیں ملتان، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور لیہ کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹور رہے تھے اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ گرفتار ملزم ابرار رشید نے ایک شہری کو برطانیہ میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر 70 لاکھ روپے ہتھیائے، جبکہ محمد ساجد نے سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 4 لاکھ سے زائد رقم وصول کی۔

اسی طرح رائے محمد انور نے بیرون ملک ملازمت کا لالچ دے کر 5 لاکھ 50 ہزار روپے، اظہر الدین نے سعودی عرب بھجوانے کے بہانے 43 لاکھ 82 ہزار روپے اور محمد سجاد نے 5 لاکھ سے زائد رقم شہریوں سے بٹوری۔ترجمان کے مطابق ملزمان کسی بھی شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں