ایف آئی اے کی کارروائی، بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والا جعلساز ایجنٹ گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے والے مبینہ ایجنٹ شیان خان کوپشاور سے گرفتار کر لیا ہے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لنڈ خوڑ، ضلع مردان سے ہے

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے ہڑپ کرنے والے مبینہ ایجنٹ شیان خان کوپشاور سے گرفتار کر لیا ہے۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق لنڈ خوڑ، ضلع مردان سے ہے۔ ملزم کے خلاف شہریوں سے فراڈ کے دو مختلف مقدمات درج ہیں جن میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 20 ہزار روپے کا غبن سامنے آیا ہے۔

ایف آئی آر نمبر 57/2026 کے تحت ملزم نے ایک شہری سے دبئی میں سکیورٹی گارڈ کا ورک ویزا دلوانے کے بہانے 5 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے جبکہ ایف آئی آر نمبر 140/2026 کے مطابق اس نے ایک اور شہری سے عمان کا ورک ویزا فراہم کرنے کے نام پر 4 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کیے اور ویزا فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف اسی نوعیت کی دیگر شکایات، انکوائریاں اور مقدمات بھی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور میں زیر تفتیش ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت کے جھوٹے خواب دکھا کر لوٹنے والے انسانی سمگلروں اور جعلی ایجنٹوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈائون جاری رہے گا۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بیرون ملک روزگار کے سلسلے میں کسی بھی فرد یا ایجنٹ کو رقم دینے سے قبل اس کے قانونی لائسنس اور سفری دستاویزات کی مکمل تصدیق لازماً کر لیں۔

 

مزید خبریں