فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے درآمدی موبائل فونز کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لیے امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد سیلز ٹیکس کی آسان ماہانہ اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے ۔
ایف بی آرکی جانب سے درآمدی موبائل فونز پر عائد سیلز ٹیکس کی آسان ماہانہ اقساط میں ادائیگی کی سہولت کی فراہمی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے درآمدی موبائل فونز کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لیے امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد سیلز ٹیکس کی آسان ماہانہ اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے ۔ ایف بی آر کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کسٹمزجنرل آرڈرکے مطابق شہری پی ٹی اے کے ڈی آئی آربی ایس سسٹم کے ذریعے موبائل رجسٹر کرتے وقت اقساط کے آپشن کا انتخاب کر سکتے ہیں، سیلز ٹیکس کی رقم مالی سال کے باقی بچ جانے والے مہینوں کے حساب سے برابر اقساط میں تقسیم کی جائے گی اور تمام اقساط کا موجودہ مالی سال کے اختتام سے پہلے ادا ہونا لازمی ہے ہوگا۔
پہلی قسط رجسٹریشن کے وقت جنریٹ ہونے والے پہلے پی ایس آئی ڈی کے ذریعے ادا کی جائے گی جبکہ باقی اقساط ہر مہینے کی مقررہ تاریخ پر نئےپی ایس آئی ڈی کے ذریعے جمع ہوں گی۔ شہری چاہیں تو تمام اقساط وقت سے پہلے ایڈوانس میں بھی ادا کر سکتے ہیں۔ جنرل آرڈر کے مطابق اگر کوئی فون جون کے مہینے میں امپورٹ کیا جائے گا تو اس پر پورا ٹیکس اسی مہینے کے اختتام سے پہلے یکمشت ادا کرنا ہوگا۔ اگر کوئی بھی فرد مقررہ تاریخ پر قسط ادا کرنے میں ناکام رہا تو اسے ڈیفالٹر تصور کیا جائے گا اور ایسی صورت میں موبائل ڈیوائس کو فوری طور پر بلاک کر دیا جائے گا اور باقی ماندہ تمام ٹیکس کی رقم یکمشت واجب الادا ہو جائے گی۔







