ایف بی آر میں پر تقررو تبادلے، گریڈ 20 سے 22 کے تین افسران کی نئی تعیناتیوں کا نوٹیفکیشن جاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 20 سے 22 کے 3 اعلیٰ افسران کے تقررو تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 20 سے 22 کے 3 اعلیٰ افسران کے تقررو تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ 22 کی سینئر افسر سعدیہ صدف گیلانی ، جو اس وقت ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں بطور ممبر خدمات سرانجام دے رہی تھیں،کو ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ یکم اکتوبر 2026 سے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 21 کے افسر عقیل احمد صدیقی کا تبادلہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کر دیا گیا ہے، جہاں وہ بطور ممبر ایڈمنسٹریشن و ہیومن ریسورس اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کا تعیناتی کا آرڈر بھی یکم اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 20 کے آفسر محمد یاسر پیرزادہ، جو اس وقت ڈائریکٹر جنرل او پی ایس ٹیکس پیئرز سروسز کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے کو ڈائریکٹر جنرل او پی ایس ، نیشنل فیس لیس سینٹر، ایف بی آر اسلام آباد مقرر کیا گیا ہے۔ قواعد و ضوابط کے مطابق انہیں ڈائریکٹر جنرل (او پی ایس)ٹیکس پیئرز سروسز کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ افسران جو اس نوٹیفکیشن کے اجرا ءسے قبل کارکردگی الائونس حاصل کر رہے ہیں، وہ اپنی نئی جائے تعیناتی پر بھی یہ الائونس وصول کرتے رہیں گے۔ تبادلے فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایف بی آر کے آن لائن ایچ آر ایم ایس پورٹل یا آئی جے پی لاگ ان کے ذریعے چارج چھوڑنے اور سنبھالنے کے مروجہ طریقہ کار کو مکمل کریں۔